اسلام آباد(ٹی این ایس)عمران خان کو سائفر کیس میں سزا:پی ٹی آئی کا احتجاج کے بجائے قانونی جنگ لڑنے کا اعلان

 
0
32

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان روف حسن نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی سائفر کیس میں سزا کے بعد پی ٹی آئی کا ملک گیر احتجاج کا کوئی ارادہ نہیں ہے بلکہ قانونی جنگ لڑیں گے۔

آج خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور پارٹی کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی۔اس حوالے سے پی ٹی آئی ترجمان نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ہم اس سزا کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں جس طرح یہ کیس چلایا گیا ہے اس کے بعد تو اس سزا کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

ہماری کوئی لڑائی اسٹبلشمنٹ کے ساتھ نہ تھی اور نہ ہے، اور نہ ہی ہم کوئی خواہش رکھتے ہیں کہ ہم اسٹبلشمنٹ کے ساتھ لڑیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کی لڑائی صرف ان سیاسی آلہ کاروں کے ساتھ ہے جو ٹاٹ کے طور پہ کام کرتے ہیں۔ اور موجودہ حکومت بھی اسی کیٹیگری میں آتی ہے اور ان کی جدوجہد اس عمل کے خلاف ہے۔

روف حسن نے کہا کہ سب سے بڑا سوالیہ نشان تو یہ ہے انتخابات صاف شفاف ہوں گے یا نہیں؟ ہمیں اس حوالے سے شدید شکوک و شبہات ہیں کہ انتخابات شفاف نہیں ہوں گے۔ لیکن اگر شفاف انتخابات ہوں تو پی ٹی آئی اکثریت لینے کی پوزیشن میں ہے۔

روف حسن نے کہا کہ ہمارے امیدوار نظریاتی ہیں اور انہوں نے پی ٹی آئی کے نظریے پر ہی ٹکٹ لیے تھے۔نشان نہیں رہا لیکن وہ پارلیمنٹ کی نشستوں کے لیے نہیں آئے، حالانکہ مجھے پوری امید ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ آزاد امیدواروں کو خریدنے کے لیے زور لگائیں گے لیکن ہمیں پورا اعتبار ہے کہ ہمارے امیدوار عمران خان کے نظریے کو قربان نہیں کریں اور جماعت کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔