اسلام آباد(ٹی این ایس) شہباز شریف کی آصف زرداری سے ملاقات، حکومت سازی کی دعوت، پی پی کی غور کی یقین دہانی

 
0
66

حکومت سازی کے لیے شہباز شریف نے وفد کی صورت میں آصف زرداری اور بلاول سے ملاقات کی ہے حکومت بنانے کی پیشکش کی جس پر پیپلز پارٹی نے پیشکش پر غور کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں شہباز شریف کی قیادت میں ن لیگ کے وفد نے بلاول ہاوس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول اور شریک چیئرمین آصف زرداری سے ملاقات کی۔وفد میں اعظم نذیر تارڑ، ایاز صادق، احسن اقبال، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، ملک احمد خان، مریم اورنگزیب اور شزا فاطمہ شامل تھے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان ایک بار پھر حکومت سازی کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے آصف زرداری کو نواز شریف کا پیغام پہنچایا اور بات چیت آگے بڑھانے پر زور دیا۔ملاقات میں الیکشن کے بعد نمبر گیم پر مشاورت ہوئی، مل کر حکومت بنانے اور دیگر آپشنز پر تبادلہ خیال ہوا اور آزاد امیدواروں سے دونوں جماعتوں کے رابطوں کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی۔ن لیگ نے اپنی پیشکش دی جس پر آصف زرداری نے پیشکش پر غور کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کا کہنا ہے کہ وہ ن لیگ کی پیشکش اور تجاویز کو سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں سامنے رکھیں گے۔
ملاقات میں دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان اتفاق ہوا کہ سیاسی عدم استحکام کو ختم کرکے ملک کو بچائیں گے، ملک کو سیاسی استحکام سے ہم کنار کرنے کے لئے سیاسی تعاون کیا جائے گا، عوام کی اکثریت نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔