لاہور (ٹی این ایس) ایک اور وعدہ پورا، ایک اور منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل

 
0
45

ایک اور وعدہ پورا، ایک اور منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل،اپ گریڈیشن کے بعدسفاری پارک کو کھول دیا گیا، محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ افتتاح کر دیا
وزیراعلیٰ کا صوبائی وزراء کے ہمراہ سفاری پارک کا 2گھنٹے تفصیلی دورہ، انفارمشین سنٹر پر خود رقم دیکر اپنی، صوبائی وزراء اور افسروں کے لئے ٹکٹ خریدیں
وزیر اعلیٰ نے خصوصی گاڑی میں شیر و چیتے سفاری کا دورہ کیا، شیروں کو کھلے اور آزاد ماحول میں گھومتے پھرتے دیکھا، ہولو گرام زو دیکھااور پانڈا کو پیار کیا
سفاری پارک میں ایک ماہ کے لئے سکولوں کے طلبہ کا داخلہ مفت ہوگا، 4کی قیمت میں 6 نئے ہاتھی اور 100قسم کے نئے جانور آرہے ہیں۔ محسن نقوی

الحمداللہ گندم کی مد میں 600ارب روپے کا قرض چکایا، 900ارب روپے کا سرپلس چھوڑکرجارہے ہیں،اللہ کا شکرہے کہ کوئی ہم پر انگلی نہیں اٹھا سکتا
مریم نواز نے حکومت چلانے کے لئے اچھا ہوم ورک کیا ہوا ہے، بہت انرجیٹک ہیں،امید سے زیادہ عوامی خدمت کریں گی، ہماری ٹیم ایک روپے کی بھی رودار نہیں
مجھے اور میری ٹیم کو رشوت کی بہت آفرز آئیں لیکن الحمد اللہ ایسی تمام آفرز کو لات ماری، عہدہ سنبھالتے وقت اللہ سے دعا کی تھی کہ اللہ تعالیٰ ہماری عزت قائم رکھنا
لاہور24فروری:……ایک اور وعدہ پورا، ایک اور منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل،اپ گریڈیشن کے بعد لاہور سفاری پارک کو آج کھول دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ اپ گریڈڈ سفاری پارک کا افتتاح کر دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبائی وزراء کے ہمراہ سفاری پارک کا 2گھنٹے تفصیلی دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے انفارمشین سنٹر پر خود رقم دیکر اپنی، صوبائی وزراء اور افسروں کے لئے ٹکٹ خریدیں۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سفاری پارک آنے والے ایس او ایس ویلیج کے بچوں کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے خصوصی گاڑی میں شیر و چیتے سفاری کا دورہ کیا اور شیر و چیتے سفاری کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اورگاڑی سے شیروں کو کھلے اور آزاد ماحول میں گھومتے پھرتے دیکھا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے خصوصی گلاسز پہن کر ہولو گرام زو بھی دیکھا اور ہولو گرام زو کے ذریعے پانڈا کو پیار کیا اور ہولو گرام زو میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سالٹ رینج، شترمرغ، ہرن،بارہ سنگا، کڈو،اڑیال اور دیگر جانوروں کا بھی سفاری وزٹ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ڈیزرٹ سفاری اور ایکوریم کا دورہ کیا اور پورے پارک کا راؤنڈ لیا۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور سیکرٹری جنگلات نے سفاری پارک کے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماراکام کرنے کا آخری دن ہے، کل وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہوجائے گا۔ سفاری پارک اور لاہور زو کو اپ گریڈکرنے کا بچوں سے وعدہ کیا تھا جسے پورا کرنا ترجیحات میں شامل تھا۔ سفاری پارک بچوں کے لئے کھول دیا گیا ہے، بچے آئیں یقینا انہیں بہت مزا آئے گا۔ سفاری پارک میں ایک ماہ کے لئے سکولوں کے طلبہ کا داخلہ مفت ہوگا۔ پہلے 4ہاتھی نئے آرہے تھے، لیکن ٹیم کی بہترین کاوشوں سے 4کی قیمت میں 6 نئے ہاتھی آرہے ہیں۔ پہلے ایک ہاتھی بھی نہیں تھا،اب 6 ہاتھی آرہے ہیں۔ امید ہے جلد لاہورزوکی اپ گریڈیشن مکمل ہوجائے گی۔ لاہور زو اور سفاری پارک میں 100قسم کے نئے جانور آرہے ہیں۔ سفاری پارک میں بہتری ایکوریم بنایا گیا ہے، نائٹ سفاری کی سہولت بھی دی جارہی ہے۔ کارپوریٹ سیکٹر کے لئے سفاری پارک میں بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ لاہور زو اور سفاری پارک کا 90فیصد کام مکمل ہوچکا ہے صرف 10فیصد باقی ہے، سیکرٹری جنگلات اور ڈی جی وائلڈ لائف نے دن رات محنت کی۔ مختصر عرصے میں دو بڑے زو اپ گریڈکرنا ناممکن تھا۔ سیکرٹری وزیر اعلیٰ نے سفاری پارک کی اپ گریڈیشن کو ذاتی طور پر سپروائز کیا۔ صوبائی وزیر بلال افضل نے لاہور زو اور سفاری پارک اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر بہت محنت کی۔ ہر صوبائی وزیر کو ہسپتا لوں کی اپ گریڈیشن اور دیگر ذمہ داریاں تفویض کی گئیں تھیں۔ سیکرٹری تعمیرات ومواصلات سہیل اشرف ہمارے سٹار بیٹس مین ہے،ہرمسئلے کو شاہد آفریدی کی طرح حل کیا، ناممکن کو ممکن بنایا۔ بچوں کو سفاری پارک اور لاہور زو کی اپ گریڈیشن مبارک ہو۔انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ کام کرنے والی بیوروکریسی کی بہترین ٹیم ہے، میں نے اگر 10گھنٹے کام کیا ہے تو بیوروکریسی نے 16گھنٹے کام کیا ہے۔ 180 ارب روپے کے آسان شرائط پر قرضے کی آفر ہوئی لیکن ہم نے مسترد کردی کیونکہ پنجاب پر قرضہ بڑھ رہا تھا۔ الحمداللہ گندم کی مد میں 600ارب روپے کا قرض چکایا ہے۔ ہم پنجاب کو 900ارب روپے کا سرپلس چھوڑکرجارہے ہیں۔ امید ہے کہ پیسے اچھی طرح استعمال ہونگے اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ مریم نواز نے حکومت چلانے کے لئے اچھا ہوم ورک کیا ہوا ہے، ان کا پلان اچھا ہے۔ مریم نواز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں کیونکہ پنجاب کے عوام نے ان کو منتخب کیا ہے۔ انشاء اللہ مریم نواز کامیاب ہونگی کیونکہ محنت سے کام کریں گے تو کامیاب ضرور ہوگی۔ مریم نواز بہت انرجیٹک ہیں،امید سے زیادہ عوامی خدمت کریں گی۔ پی ایس ایل 9 میں ہر کھلاڑی کی پرفارمنس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے ساتھ ملکر اچھی ٹیم بنائیں گے۔ مجھے اور میری ٹیم کو رشوت کی بہت آفرز آئیں لیکن الحمد اللہ ایسی تمام آفرز کو لات ماری۔ اللہ کا شکرہے کہ کوئی ہم پر انگلی نہیں اٹھا سکتا، عہدہ سنبھالتے وقت اللہ سے دعا کی تھی کہ اللہ تعالیٰ ہماری عزت قائم رکھنا۔اگر آپ اندرونی طور پر ایماندار ہیں تو پھر سب اچھا ہی ہوتا ہے، ساری ٹیم ایک روپے کی رودار نہیں۔ میری ٹیم نے میرا بڑا ساتھ دیا ہے۔ صوبائی وزراء،ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر، منصور قادر، اظفر علی ناصر،ابراہیم حسن مراد،بلال افضل، مشیر وہاب ریاض، سیکرٹریز، جنگلات،لائیوسٹاک،تعمیرات ومواصلات،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، اطلاعات، ڈی جی وائلڈ لائف، ڈی جی پی آراور متعلقہ حکام اس موقع پر موجود تھے