اسلام آباد(ٹی این ایس) یوم پاکستان پر مسلح افواج وطن کے دفاع کے لیے پرعزم

 
0
622

,,,,,…. ملک بھر میں یومِ پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا گیا،سعودی عرب کےوزیردفاع شہزادہ خالدبن سلمان بن عبدالعزیزالسعود پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز ال سعود نے ملاقات کی اور ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی شعبے کے ساتھ ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز ال سعود نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ملاقات میں دوطرفہ امور، علاقائی امن و سلامتی اور خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال سمیت دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے دوران ملاقات خادمین حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز ال سعود کے ساتھ ساتھ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان ال سعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے سعودی وزیر دفاع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور میرے بطور وزیراعظم پچھلے دور میں سعودی عرب نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کے لیے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافت پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستانی عوام کے دلوں میں سعودی شاہی خاندان کے لیے ایک خاص مقام ہے۔ وزیر اعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کونسل کے قیام سے سرمایہ کاروں کے لیے ایک ون ونڈو آپریشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس سے کاروبار اور سرمایہ کاری میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی شعبے کے ساتھ ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ شہباز شریف نے سعودی وزیر دفاع سے کہا کہ ہم آپ کے بڑے بھائی اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے، جنہیں بعدازاں ’نشان پاکستان‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ ایوان صدر میں ہفتے کی دوپہر ایک تقریب کے دوران سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کو نشان پاکستان سے نوازا گیا وزیر اعظم نے پاکستان کا سب سے بڑا سول ایوارڈ نشان پاکستان ملنے پر سعودی وزیر دفاع کو مبارکباد دی جبکہ سعودی وزیر دفاع نے وزیر اعظم شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور آج کی پریڈ میں پاکستان کی افواج کی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ دورہ سعودی عرب سے دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے گذشتہ ہفتے سعودی عرب کے دورے کے دوران یوم پاکستان کے موقع پر سعودی وزیر دفاع کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تھی۔واضح رہے کہ یوم پاکستان 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا۔یوم پاکستان کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم کاوشوں کی یاد دلاتا ہے آئی ایس پی آر کے مطابق ۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا یہ دن ہمیں آزادی کی اہمیت اور قدر کی یاد دلاتا ہے، آج ہندوستان اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو فاشسٹ حکومت کے ہاتھوں بدترین مظالم کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس دن مسلمانوں کے الگ وطن کے لیے ہمارے عظیم رہنماؤں کے ویژن کے مطابق ہماری تقدیر کا تعین کیا گیا، یہ دن قیام پاکستان کی جدوجہد میں دی گئی ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں اور خدمات کی یاد دلاتا ہے۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم ہر روز اپنی آزادی کی قدر اور اس کا احترام کرتے ہیں، مسلح افواج ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع، خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتی ہے۔ یاد رہے کہ قرارداد پاکستان لاہور کے منٹو پارک میں پیش کی گئی تھی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔ یوم پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں مسلح افواج کے دستوں کی جانب سے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا گیا، جبکہ جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربراہان نے بھی قوم کو مبارکباد دی۔یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا، مساجد میں وطن عزیز کی سالمیت اور ترقی وخوشحالی کی دعائیں کی گئیں۔ یوم پاکستان پر اسلام آباد میں مسلح افواج کی روایتی پریڈ کا مظاہرہ کیا گیاتقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، مسلح افواج کے جوانوں کی مہارت کاشاندار مظاہرہ کیا، چین اور برادر پڑوسی ملک چین اور آزربائیجان کے فوجی دستے بھی پریڈ میں شامل تھے۔ صبح سویرے اسلام آباد شکرپڑیاں کے پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان رینجرز کے دستوں نے رینجرز ایگزی بیشن ڈرل کاشاندار مظاہرہ کیا، ڈرل کے دوران رینجرز کے دستوں نے ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کوشاندار انداز میں شرکا کے سامنے پیش کیا۔آرمی اسکول آف میوزک کے دستے نے بھی سولو ڈرم کامظاہرہ کرکے دیکھنے والوں پرسحرطاری کردیا۔ تقریب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف سمیت ملکی وغیرملکی شخصیات نے شرکت کی ہے۔ مسلح افواج کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا، فلائی پاسٹ میں میراج لڑاکا طیارے، پاکستان کی پہچان جے ایف 17 تھنڈر شامل تھے، فلائی پاسٹ میں ونگ کمانڈرحسن صدیقی کی قیادت میں ایف 16 لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ کیا۔ فلائی پاسٹ میں ایف 7 پی جی چیتا اور جے 10 سی، پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سی ون تھرٹی، جدید ترین جاسوسی نظام سے لیس طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ پیش کیا۔پریڈ کے موقع پر صدر مملکت آصف زرداری نے تقریر کرتے ہوئے پاکستانیوں کو یوم پاکستان کی مبارک باد دی اور کہا کہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی، سلامتی اور امن کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے، آج کا دن ہمارے لیے قومی اہمیت کا حامل ہے۔ سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے اور معاشی استحکام کے لیے مل کر کام کریں، پاکستان میں انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد جمہوری اتحادی حکومت قائم ہوچکی ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے گزارش کرتے ہوئے کہاکہ مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کریں۔ آصف زرداری نے پاکستان کے مشکل وقت میں ساتھ دینے کے لیے چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا۔84 ویں یوم پاکستان پر پاک فوج چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر، بحری فوج کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے پیغام دیا کہ 23مارچ ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے، پاکستان کو درپیش سنگین مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں، ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں کوعبور کر لیں گے۔خصوصی پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یقین ہے کہ ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں کوعبور کر لیں گے، پوری قوم جمہوریت، انصاف اور مساوات کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرے۔ ہم کشمیریوں کو ہر قسم کی اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ آج ہی کے دن قرارداد پاکستان منظور ہوئی، 23مارچ1940کوایک عظیم قوم اور آزادوطن کی بنیاد رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی سے لیکر اب تک ہم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، مسلح افواج،سول انتظامیہ،پولیس نے ہماری قوم کی حفاظت،سلامتی اورخودمختاری کویقینی بنایا۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز نے اپنے پیغام میں کہا کہ 23مارچ ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے، ہمارے بزرگوں کی مسلسل جدوجہد کے باعث علیحدہ وطن کا قیام ممکن ہوا، 14 اگست 1947کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ملک کے طور پر ابھرا۔ لاکھوں مسلمانوں نے ہندوستان میں اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان ہجرت کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے 8 فروری کو انتخابات میں اپنے نمائندوں کو منتخب کیا، پاکستان کو درپیش سنگین مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں، مہنگائی، بے روزگاری، گردشی قرضہ، مالیاتی تجارتی خسارہ بڑے مسائل ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ بحیثیت قوم غیرمعمولی حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے23 مارچ کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان دھرتی سے عہد الفت کی تجدید کادن ہے، تعمیر پاکستان کے لئے آج بھی تحریک پاکستان والےجذبے کی ضرورت ہے۔ قوم قرارداد پاکستان منظور کرنے والے عمائدین کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، 23 مارچ تحریک آزادی اور شہداء تحریک کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بھی دن ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ قرار داد پاکستان کی طرح آج قرارداد ترقی پاکستان وقت کی اشد ضرورت ہے۔


صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے افسران اور جوانوں کے لیے ملٹری ایوارڈز کا اعلان کیا ہے۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے افسروں اور جوانوں کو ملٹری ایوارڈز دینے کا اعلان کیا ہے۔ صدر مملکت نے فوجی افسران اور جوانوں میں ایک کو ستارہ بسالت، 135 کو تمغہ بسالت، 45 کو امتیازی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔ 148 جوانوں کو چیف آف آرمی اسٹاف تعریفی کارڈز، 23 کو ہلال امتیاز (ملٹری)، 109 کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 137 کو تمغہ امتیاز (ملٹری) دینے کا اعلان کیا گیا آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ اسپیشل سروسز گروپ کے سپاہی اسرار محمد کو ستارہ بسالت سے نوازا جائے گا۔ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے نمایاں خدمات انجام دینے کے اعتراف میں سینئر سیاست دان راجا ظفر الحق، سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، سابق نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، ایئر مارشل (ر) نجیب اختر، نیوکلیئر سائنس کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں محمد حفیظ قریشی (مرحوم) بعد از وفات کو نشان امتیاز عطا کیا، جو ان کی بیوہ محترمہ فریدہ حفیظ نے وصول کیا۔ اسی طرح ہاکی کے شعبے میں خدمات انجام دینے پر صلاح الدین صدیقی، ادب اور شاعری کے شعبے میں گرانقدار خدمات انجام دینے پر افتخار حسین عارف کو نشان امتیاز عطا کیا۔ صدر مملکت نے سابق آئی جی پنجاب پولیس مشتاق احمد سکھیرا کو ہلال شجاعت سے نوازا۔ سابق چیف سیکریٹری پنجاب ناصر محمد کھوسہ کو ہلال امتیاز، بریگیڈیئر سید سرفراز علی (مرحوم) بعد از وفات ان کی صاحبزادی عائشہ عدنان عظیم نے وصول کیا، سماجی خدمات کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں اخوت کے بانی ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کو بھی ہلال امتیاز عطا کیا گیا، سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور (مرحوم) کو ہلال امتیاز بعد از وفات دیا گیا، جو ان کے صاحبزادے نے وصول کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے سابق بیوروکریٹ فواد حسن فواد، سابق وفاقی سیکریٹری قانون راجا نعیم اختر، کیپٹن (ر) زاہد سعید، سطبین فضل حلیم، زاہد اختر زمان، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اکرم خان، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سابق گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ، طارق محمود پاشا، جاوید اسلم، احمد عرفان اسلم کو بھی ہلال امتیاز سے نوازا۔ اسی طرح آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ، فیشن ڈیزائنر محمود احمد طاہر بھٹی، شاعر پروفیسر انور مسعود، بریگیڈیئر عاطف رفیق، شاہد خان، راحت علی خان، پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، سائنس کے شعبے میں خدمات پر پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود بیگ، پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان، پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر، پروفیسر ڈاکٹر عادل نجم، صحافی زاہد ملک (مرحوم)، بلال صدیق کمیانہ، تنویر احمد کو بھی ہلال امتیاز کا اعزاز عطا کیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سعودی ترقیاتی فنڈ (ایس ایف ڈی) کے چیف ایگزیکیٹو افسر سلطان بن عبدالرحمٰن المرشد، ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی، ڈائریکٹر جنرل قطر فنڈ برائے ترقی خلفیہ جاسم الکواری، اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے سابق نمائندہ برائے پاکستان کونٹ کو بھی ہلال قائد اعظم کے اعزاز سے نوازا۔ صدر مملکت نے سلطان بن عبدالرحمٰن کو ملکی خدمات پر ہلال قائد اعظم عطا کیا جبکہ پولیس افسر اختر حیات خان اور سپاہی محمد یونس شہید کو ستارہ شجاعت سے نوازا۔