اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

 
0
339

اسلام آباد اگست21(ٹی این ایس) : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔ وہ پیر کو پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امورخلیل جارج کی قیادت میں مسیحی برادری کے وفد ن سے یہا ں وزیراعظم آفس میں ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے ۔وفد میں دیگر کے علاوہ بشپ عرفان جمیل،بشپ اشرف جوزف، بشپ ہمفرے سرفراز، پاسٹر ابراہیم دانیال، پاسٹرعمران فضل، سسٹر سوزن سرداراورسسٹر مارتھا تاج شامل تھیں۔

وفاقی وزیرشماریات کامران مائیکل بھی ملاقات میں موجود تھے۔وفد نے وزارت اعظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر پاکستان کی پوری مسیحی برادری کی جانب سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو مبارکباد دی۔وفد نے پاکستان میں جذام کے مریضوں کیلئے اپنی زندگی وقف کرنے والی آنجہانی ڈاکٹرروتھ فائو کی سرکاری تدفین کے اعلان پر وزیراعظم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ حکومت پاکستان نے ڈاکٹرروتھ فائو کو جو عزت اوراحترام دیاہے اس سے پاکستان کی مسیحی برادری کو پورے ملک میں پہلے سے جاری سماجی اورانسانی ہمدردی کی خدمات کو وسعت دینے کا حوصلہ ملاہے۔

وفد نے وزیراعظم کو ملک کے مختلف حصوں میں مسیحی برادری کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے ملک میں اقلیتوں بالخصوص مسیحی برادری کی قابل قدر خدمات کو سراہا۔وزیراعظم نے کہاکہ اقلیتوں کا تحفظ اورتمام شعبوں میں میرٹ اوراستعداد کے مطابق انہیں ترقی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ حکومت ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں پرعزم ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت تمام ممکن اقدامات اٹھائے گی۔