امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے کانگریس کی تقریر کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو جنگی مجرم اور جھوٹا قرار دے دیا۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو جنگی مجرم اور جھوٹا قرار دیا۔
واضح رہے کہ ان دنوں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو امریکا میں ہیں انہوں نے احتجاج کے دوران امریکی کانگریس سے خطاب میں کہا تھا کہ تہذیبی قوتوں کی فتح کے لیے امریکہ اور اسرائیل کو ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے غزہ کے پر امن مستقبل کی بات کی اور غزہ سے متعلق اپنے وژن کا اظہار کیا۔
اسرائیلی وزیراعظم کے خطاب کے دوران کانگریس کی گیلری سے 3 مظاہرین کو بھی گرفتار کیا گیا۔ نیتن یاہو ایوان میں داخل ہوئے تو کئی کانگری اراکین نے نہ تو ان سے پہاتھ ملایا، نہ تالیاں بجائیں اور نہ ہی اپنی نشستوں سے ان کے استقبال کیلئے کھڑے ہوئے۔ اسرائیل کے وزیر اعظم اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ہم تاریخ کے دوراہے پر کھڑے ہیں جب کہ دنیا ہلچل کا شکار ہے۔
ادھر امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر کھل کر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام انسانی تنظیمیں متفق ہیں، فلسطین میں ہزاروں بچوں کو بھوک کا سامنا ہے کیونکہ اسرائیل کی انتہا پسند حکومت امداد کو روک رہی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی سینیٹر سینڈرز نے متعدد دیگر ہائی پروفائل ڈیموکریٹک سینیٹرز کے ساتھ اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر کا بائیکاٹ کیا، نیتن یاہو پر الزام لگایا کہ وہ اسرائیلیوں میں اپنی بڑھتی ہوئی غیر مقبولیت کے درمیان کانگریس میں مہم چلانے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو نہ صرف جنگی مجرم ہیں۔ وہ جھوٹا ہے۔