اسلام آباد جنوری 2(ٹی این ایس)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے مفاد کی خاطر آگے بڑھنا ہے، چاہے امریکی امداد ملے یا نہ ملے، ٹرمپ نے ٹویٹ کا جو رواج پیدا کیا یہ خطرناک ہوسکتا ہے۔۔
ایک انٹرویومیں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان نے اپنے مفاد کی خاطر آگے بڑھنا ہے، چاہے امریکی امداد ملے یا نہ ملے۔ٹرمپ کے الزام کو نامناسب اور بے وقعت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس خطے میں اور بھی قوتیں ہیں جو سمجھتی ہیں معاشی اور سلامتی استحکام کیلئے امن و استحکام ضروری ہے جس کے لیے چین، روس، ایران اور ترکی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور یورپی قوتیں بھی ہماری قربانیوں کو سمجھتی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج پاکستان میں اتفاق رائے قائم ہوچکا ہے اور اس کو لے کر آگے بڑھنا ہے اور امریکی امداد کی جانب نظر نہیں رکھنی کیونکہ کل امریکا ہم سے لاتعلق ہوجائے تو کیا ہم اپنے مفادات کا سودا کریں گے؟خارجہ پالیسی کو ٹویٹ پر بیان کرنے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ماضی میں ایسا نہیں ہوتا تھا کیونکہ خارجہ پالیسی ایک سنجیدہ اور حساس معاملہ ہے جبکہ ٹویٹ سے کئی غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کا جو رواج پیدا کیا یہ خطرناک ہوسکتا ہے۔