آنے والے دن سیاست کیلئے اہم، سب کو ساتھ لیکر چلیں گے‘ چودھری شجاعت حسین

 
0
421

لاہور جنوری 2(ٹی این ایس)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے پیر صاحب پگاڑا اور سید غوث علی شاہ کو دورپ لاہور کی دعوت دے دی۔ چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ ہمارا کسی سے کوئی اختلاف نہیں، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکرٹری طارق حسن کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد میں سیکرٹری اطلاعات سندھ آفاق احمد خٹک اور نعمت خلجی بھی شامل تھے۔ اس موقع پر ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آئندہ آنے والے دن ملک کی سیاست کیلئے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ چلے گی، ہماری کسی سے کوئی مخالفت نہیں، ملک کے مفاد میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔