سابق وزیراعظم پاکستان و بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے ایک بار پھر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی میں چیف جسٹس کے خلاف درخواست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پاکستان تحریک انصاف اور بانی عمران خان کے خلاف جانبدار ہیں لہٰذا چیف جسٹس سے استدعا ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی سے متعلقہ کسی بھی کیس کا حصہ نہ بنیں-
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ابھی تک اپنے خلاف دائر ریفرنس کو ذاتی حملہ تصور کرتے ہیں اور ان کی اہلیہ متعدد مواقع پر عمران خان کے خلاف بیانات دے چکی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 25 جولائی کو بھی عمران خان نے 3 رکنی کمیٹی سے استدعا کی تھی کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو ان کے، ان کی اہلیہ، ان کے خاندان، پاکستان تحریک انصاف یا سنی اتحاد کونسل کے مقدمات کو سننے والے بینچز میں شامل نہ کیا جائے۔ تاہم سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی پہلی درخواست واپس بھجوا دی تھی۔