کلثوم نواز کے کورنگ امیدوارکا کاغذات واپس لینے سے انکار

 
0
336

لاہور اگست25(ٹی این ایس): لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں انتخابی شیڈول کا مرحلہ مکمل ہو گیا،بیگم کلثوم نواز کے کورننگ امیدوار حافظ نعمان نے کاغذات واپس لینے سے انکار کردیا۔

ان کا کہنا ہے کہ بطور آزاد امیدوار الیکشن میں حصہ لوں گا جبکہ عوامی تحریک کے امیدوار نے کاغذات نامزدگی واپس لےلیے۔

حلقہ این اے 120 میں ایک درجن سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیےجبکہ سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کر دیئے گئے،مسلم لیگ ن کی بیگم کلثوم نواز کے کورنگ امیدوار حافظ نعمان نے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی بجائے آزاد امیدوار کی حیثیت اختیار کر لی۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی لاہور سے خالی ہونے والی نشست این اے 120 کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ، مسلم لیگ ن کی بیگم کلثوم نواز کو شیر، پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو بلا ،پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر کو تیر سمیت دیگر امیدواروں کو ان کی پسند کے انتخابی نشان الاٹ کر دیئے گئے۔

علاوہ ازیں این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان عوامی تحریک کا امیدوار پی ٹی آئی کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہوگیا، پی اے ٹی کے امیدوار اشتیاق چودھری ، ڈاکٹر یاسمین راشد کی حمایت میں دستبردار ہوئے۔ اب ڈاکٹر یاسمین راشد دونوں جماعتوں کی مشترکہ امیدوار ہوں گی۔

این اے 120 کے ریٹرننگ آفیسر محمد شاہد نےبتایا کہ اس حلقہ میں پولنگ 17 ستمبر کو ہو گی،امن وامان کی صورتحال بہتر رکھنے کے لئے فوج طلب کی گئی ہے،بیلٹ پیپرز فوج کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچائے جائیں گے اور فوجی جوان ووٹوں کی گنتی تک پولنگ اسٹیشن میں موجود رہیں گے۔