پنجاب میں رینجرز اختیارات میں تیسری بار مزید 60 روز کی توسیع کردی گئی

 
0
359

لاہور  اگست26(ٹی این ایس): پنجاب میں رینجرز کے خصوصی اختیارات میں تیسری بار مزید 60 روز کی توسیع کردی گئی ہے، محکمہ داخلہ حکام کے مطابق رینجرز اختیارات میں توسیع آپریشن ردالفساد کے تحت کی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق صوبہ پنجاب میں رینجرز کے اختیارات میں 60 روز کی توسیع کر دی گئی ہے، وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت 22 اگست کو ختم ہوگئی تھی، تاہم محکمہ داخلہ پنجاب کی درخواست پر 21 اگست سے 60 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔

پنجاب میں رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے سیکشن 5 کے تحت تعینات اور خصوصی اختیارات دیئے گئے تھے۔یاد رہے کہ پنجاب میں رینجرز کو خصوصی اختیارات دینے کا فیصلہ رواں سال فروری میں لاہور کے مال روڈ پر چیئرنگ کراس پر ہونے والے خودکش حملے کے بعد کیا گیا تھا، جس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک کیپٹن مبین اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سمیت 14 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ماضی میں دہشت گردوں سے مقابلے کے لیے رینجرز کی تعیناتی کا معاملہ سامنے آنے پر پنجاب کی جانب سے رینجرز کو پولیس کے برابر اختیارات دینے کی مخالفت کی گئی، اس خودکش حملے کے بعد رینجرز اہلکاروں کو صوبے میں خصوصی طور پر خفیہ آپریشن سرانجام دینے کے لیے یہ اختیارات دیئے گئے تھے۔