اسلام آباد (ٹی این ایس)(ثاقب خان کھٹڑ) سی پی او گجرانوالہ ایاز سلیم رانا نے دفتر میں اقلیتی برادری اور مسیحی ملازمین کے ساتھ مل کر کیک کاٹا اور عیدی تقیسم کی۔ تفصیل کے مطابق سی پی او آفس میں کرسمس کی خوشی میں مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا مختلف چرچز کے نمائندگان اور مسیحی ملازمین نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز ایک خصوصی چرچ کی دعا سے ہوا جس میں کرسمس کے پیغام محبت اور امن کو اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر سی پی او ایازسلیم رانا نے مسیحی ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تقریب کا مقصد کرسمس کی خوشیوں کو ایک ساتھ منانا اور پولیس و کمیونٹی کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنا ہے، مسیحی برادری ہماری سوسائٹی کا اہم حصہ ہے ان کے مذہبی تہوار کا احترام ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ مہذب قومیں خوشیوں کے تہوار مل جل کر مناتی ہیں جس کی بدولت حب الوطنی کے جذبات پروان چڑھتے ہیں، کرسمس ایک ایسا موقع ہے جب ہمیں مذہبی تہوار کی اہمیت کا ادراک ہوتا ہے۔سی پی او نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، کرسمس کے موقع پر گجرانوالہ پولیس کی جانب سے مسیحی برادری کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فل پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائیگا تا کہ مسیحی برادری بلا خوف و خطر اپنا تہوار پرامن طریقہ سے منا سکیں۔بعدازاں ایاز سلیم رانا نے مسیحی عہدیداران و مسیحی ملازمین کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا ان میں عیدی تقسیم اور کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہا رکیا۔