کرک (ٹی این ایس) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک شہباز الٰہی کے ہدایات پر ضلع کرک میں موجودہ حالات کے تناظر میں پولیس تھانوں اور چوکیوں کی سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ اس ضمن میں پولیس کی کارکردگی اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ پولیس تھانوں اور چوکیوں کی سیکورٹی میں اضافی اسلحہ اور نگرانی کے جدید آلات اور حفاظتی سازوں و سامان فراہم کیے گئے ہیں۔ رات کے اوقات میں کار آمد تھرمل ویژن ہتھیاروں کا استعمال جاننے والے کمانڈوز کو خصوصی طور پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کو فوری طور پر پکڑا جا سکے۔ یہ تھرمل ہتھیار نہ صرف رات کے وقت کی تاریکی میں مؤثر ہیں، بلکہ یہ علاقے میں پوشیدہ خطرات کو بھی کھوجنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ اس کے علاوہ ڈی پی او شہباز الٰہی کی جانب سے رات کے وقت تھانوں اور چوکیوں کی حفاظت کے حوالے سے ایک نئی حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت پولیس اہلکاروں کی تعداد میں اضافے سمیت تھانوں اور چوکیوں کو دور تک مار کرنے والے بڑے ہتھیاروں کی فراہمی شامل ہیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال کا فوری طور پر جواب دیا جا سکے۔ تھانوں اور چوکیوں کی نگرانی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی عمل میں کایا جا رہا ہے جس کے تحت تھانوں اور چوکیوں کے نگرانی کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ جبکہ علاؤہ ازیں ڈی پی او شہباز الٰہی کے ہدایات پر پولیس کے اہلکاروں کی تربیت میں بھی اضافہ کرایا جا رہا ہے اور پوکیس جوانوں کو جدید تھرمل آلات کے استعمال سمیت بڑے ہتھیاروں کی ٹریننگ بھی دی جا رہی ہے تاکہ پولیس جوان جدید سیکیورٹی آلات کے استعمال میں ماہر ہو سکیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے آپ کو اور عوام کو محفوظ رکھ سکیں