اسلام آباد (ٹی این ایس)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 1010 گاڑیوں کی خریداری کا معاملہ عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے تصدیق کی ہے کہ گاڑیوں کی خریداری کا حتمی فیصلہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی سفارشات کے بعد کیا جائے گا۔
چیئرمین ایف بی آر نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ قائمہ کمیٹی کے حتمی منٹس کا انتظار ہے، جب تک ان کا جواب موصول نہیں ہوتا، گاڑیوں کی خریداری کا عمل فریز رہے گا۔انہوں نے مزید وضاحت کی کہ آئی ایم ایف کے تکنیکی وفد کے موجودہ دورے کا اقتصادی جائزے یا قرض پروگرام سے کوئی تعلق نہیں، یہ ایک معمول کا دورہ ہے، جس میں تکنیکی امور پر بات چیت ہوتی ہے۔
تعمیراتی شعبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر بنائی گئی ٹاسک فورس نے پراپرٹی سیکٹر کے لیے تجاویز اور سفارشات تیار کر لی ہیں، جن کی حتمی منظوری کابینہ دے گی۔ تعمیراتی شعبے کے لیے ریلیف پیکج اب یقینی ہو چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گاڑیوں کی خریداری کے معاملے پر قائمہ کمیٹی کے جواب کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا، اور ابھی تک کمیٹی کا جواب موصول نہیں ہوا۔