اسلام آباد (ٹی این ایس) سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے افطار اور کھجوروں کی تقسیم کا پروگرام پاکستان میں شروع

 
0
15

تحریر: ریحان خان

اسلام آباد، پیر، 3 مارچ 2025 (ٹی این ایس): خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے شروع کیے گئے سال 1446 ہجری کے افطار اور کھجوروں کی تقسیم کے پروگرام کا پاکستان میں باضابطہ آغاز ہوگیا۔

افتتاحی تقریب وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے مشترکہ طور پر کی۔

اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افطار اور کھجوروں کی تقسیم کا یہ منصوبہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران شروع کیے گئے انسانی ہمدردی کے منصوبوں کا حصہ ہے۔ یہ پروگرام نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر کئی ممالک میں بھی جاری رہے گا تاکہ ضرورت مند خاندانوں، بیواؤں اور یتیموں کو بنیادی خوراک فراہم کی جا سکے اور انہیں خوشیوں میں شامل کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ رمضان المبارک کے دوران یہ منصوبہ پاکستان کے تمام صوبوں میں نافذ کیا جائے گا، جس کے تحت 20 ٹن کھجوریں 40,000 مستحق افراد تک پہنچائی جائیں گی جبکہ 30,000 افراد افطار کے کھانوں سے مستفید ہوں گے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے وزیر اعظم شہباز شریف، حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں ضرورت مندوں کے لیے سعودی عرب کی مسلسل امداد کو سراہتے ہوئے اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان خیر سگالی اور برادرانہ تعلقات کی روشن مثال قرار دیا۔