دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں اور کامیابیاں بے مثال ہیں، بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ہو گا, وفاقی وزیر داخلہ

 
0
403

اسلام آباد:ستمبر 7 (ٹی این ایس) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں اور کامیابیاں بے مثال ہیں، بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ہو گا، ہمارا نصب العین پاکستان اور خطہ میں امن کے عمل کو مستحکم کرنا ہے، پاکستان کا نیا چہرہ ابھر رہا ہے، اقتصادی تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے یہ بات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے جمعرات کو ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین کثیر الجہتی امور زیر بحث آئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں، برطانیہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں اور کامیابیاں بے مثال ہیں، بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ہو گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی مغربی سرحد کے پار سے ہو رہی ہے، پاکستان کے خلاف ہونے والی ریشہ دوانیوں کو ناکام بنا دیں گے، ہمارا نصب العین پاکستان اور خطہ میں امن کے عمل کو مستحکم کرنا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا نیا چہرہ ابھر رہا ہے، اقتصادی تعلقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کامیابی سے جاری ہے، پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے معیارکو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، سیکورٹی اداروں کی کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اپنے کسی شہری کو دوسرے ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دے سکتا۔