پاکستانی قوم کو قربانی کا بکرا نہیں بننے دینگے، خواجہ آصف

 
0
358

اسلام آباد ستمبر7(ٹی این ایس): وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ واشنگٹن میں بیٹھے لوگوں کو پاکستان اور خطے کی حقیقی صورتحال کا ادراک نہیں، پاکستانی قوم کو قربانی کا بکرا نہیں بننے دیں گے، امریکا، پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کا احترام کرے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ امریکا سے تعلقات ختم نہیں کر رہے لیکن معاملات ملکی مفادات کی نظر سے دیکھیں گے، پاکستان دہشت گردی کےخلاف جنگ جیتنےوالا واحد ملک ہے ،ہماری بقا داؤ پر لگی ہے،ہم سے بہتر یہ جنگ کوئی لڑ ہی نہیں سکتا تھا۔

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ برکس کانفرنس کے اعلامیے میں کوئی نئی بات نہیں، ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا اعلامیہ بھی ایسا ہی تھا، برکس کانفرنس کے اعلامیے میں بھارت جو مزید باتیں شامل کرانا چاہتا تھا، چین نے اس کی مخالفت کی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سفراء کانفرنس میں امریکا کی نئی پالیسی پر غور کیا گیا ہے،امریکامیں پاکستانی سفیراعزازچوہدری نےپالیسی کے مختلف زاویوں کو واضح کیا، ٹرمپ کی افغانستان پاکستان پالیسی کے بعد خارجہ پالیسی کی فارمولیشن ضروری تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ کے تجربے میں واضح ہواکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں بحران آئے،خطے میں تبدیلی کے باعث نئی جغرافیائی تبدیلیاں آ رہی ہیں، شدت سے احساس ہے کہ ہماری قربانیوں کو دنیا دوسری نظر سے دیکھتی ہے،ہمیں دنیا کے نظریے کو تبدیل کرنا ہو گا۔

وزیر خواجہ نے کہا کہ ہمیں دنیا کا نقطہ نظر بدلنا ہے، دنیا تسلیم کرے یا نہ کرے ہم جنگ جیت رہے ہیں،تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ بہترین تعلقات چاہتے ہیں، جن ہمسایوں کیساتھ تعلقات میں دراڑیں ہیں ان کو دور کریں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ وہ آج چین جائیں گے اور چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے، انہوں نے کہا کہ چین کے بعد وہ دو تین روز میں ایران کا بھی دورہ کریں گے جہاں ایرانی صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔