تنگوانی (ٹی این ایس)( رپورٹ پیر بخش نوناری ) ٺل بی سیکشن تھانے کی حدود میں، گاؤں سوڍو خان بنگلاڻي کے قریب، نامعلوم مسلح افراد نے ٹی سی ایف اسکول کی وین کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنانے اور خواتین اساتذہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔ وین میں 10 سے زائد خواتین اساتذہ اسکول جا رہی تھیں جب نصیر شاخ کے مقام پر مسلح افراد نے انہیں روک لیا اس دوران اسکول کے چوکی دار نے جرأت مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزاحمت کی، جس پر خواتین اساتذہ نے شور مچایا۔ شور کی آواز سن کر قریبی دیہاتی مسلح ہو کر پہنچ گئے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسکول اسٹاف کو اغوا ہونے سے بچا لیا اطلاع ملنے پر بی سیکشن پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی، تاہم ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ بعد ازاں، ڈی ایس پی ٹھل کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تعاقب شروع کر دیا اسکول کی پرنسپل کے مطابق، “ہم 10 سے زائد اساتذہ اسکول جا رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے وین کو زبردستی روک کر ہمیں اغوا کرنے کی کوشش کی۔ لیکن اسکول کے گارڈ کی بہادری اور دیہاتیوں کی بروقت مدد سے ہم محفوظ رہے۔اسکول کے گارڈ، دلدار بنگلاڻي، نے بتایا کہ “ٹھل سے اسکول جاتے ہوئے نصیر شاخ کے قریب 9 مسلح افراد، جو تین موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، نے وین کو زبردستی روک کر اغوا کی کوشش کی۔ تاہم، دیہاتیوں اور پولیس کی بروقت مدد سے ہم بچ نکلے۔بی سیکشن پولیس کے مطابق، اطلاع ملتے ہی فورس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے باعث اسکول اسٹاف کو بحفاظت بچا لیا گیا۔ مزید پولیس نفری پہنچنے پر ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے گا۔