کراچی میں ہاکس بے پر 12افراد ڈوب گئے، 9لاشیں نکال لی گئیں،3افراد کی تلاش کا کام جاری ہے ، ریسکیو ذرائع

 
0
329

کراچی ستمبر 9 (ٹی این ایس): شہر قائد کے ساحل ہاکس بے پر پکنک منانیوالے 12افراد ڈوب گئے، 9لاشیں نکال لی گئیں بقیہ کی تلاش جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل ہاکس بے پر متعدد افراد پکنک منانے آئے، کچھ افراد گہرے سمندر میں نہانے نکلے تو ڈوبنے لگے جن کی تعداد چار تھی بعدازاں انہیں بچانے کے لیے دیگر گئے تو وہ بھی ڈوب گئے۔ایدھی فائونڈیشن نے بتایا کہ تاحال 9 لاشیں نکا لی گئی ہیں ڈوبنے والے افراد کی تعداد 12 ہے، ڈوبنے والے تمام افراد میں سے کسی کو بھی تیرنا نہیں آتا تھا۔

سعد ایدھی نے بتایا کہ ابھی معلوم کیا جارہا ہے کہ ان افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے یا الگ الگ ہیں، بقیہ دو افراد کی تلاش کے لیے ہمارے تین سے چار غوطہ خور کام کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق تمام افراد ایک ہی خاندان کے ہیں، اس گھرانے کا تعلق ناظم آباد سے ہے، چار بار پولیس اہلکاروں نے ان افراد کو تیز لہروں میں جانے سے منع کیا تھا لیکن ان افراد نے پولیس کی ہدایات کو نظر انداز کیا۔اس ضمن میں ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے چیک پوسٹیں بھی بنی ہوئی ہیں اور آگاہی بھی دی جاتی ہے لوگوں کو خود بھی تھوڑا سوچنا چاہیے، ہمارے ہاں کا سمندر اس قابل نہیں کہ اس میں نہایا جائے، ہلاکتوں کے بعد خاندانوں کو جو تکالیف ہوتی ہیں وہ ناقابل برداشت ہوتی ہیں۔

انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ گہرے پانی میں جانے سے گریز کریں، سمندر میں ضرور نہائیں زیادہ آگے تک نہ جائیں، ہم نے ساحل پر تعینات پولیس کی نفری میں اضافہ کرنے کی درخواست کررکھی ہے۔ایس پی عارف عزیز نے بتایا کہ متاثرہ فیملی ناظم آباد کی رہائشی ہے۔واضح رہے کہ شہر قائد میں گرمی کی شدت میں اضافے سے تنگ آکر شہری ساحل سمندر کا رخ کرتے ہیں لیکن اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر کئی منچلے سمندر کی موجوں کے مزے لوٹتے آگے بڑھ جاتے ہیں اور جان کی بازی بھی ہار جاتے ہیں۔ اور اب تک مختلف واقعات میں سیکڑوں افراد ڈوب کر اپنی زندگی کی بازی ہارچکے ہیں۔