پاکستان سے ڈومور کا امریکی مطالبہ منظور نہیں‘ عبد الغفورحیدری

 
0
569

جدہ ستمبر 10(ٹی این ایس) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں نظر انداز نہیں کی جاسکتیں، پاکستان سے ڈومور کا امریکی مطالبہ منظور نہیں، روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام منظم سازش ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں اختلافات بھلا کر متحد اور ایک مسلم قوم ہوجانا چاہیے۔ جدہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبد الغفور حیدری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے۔ جس طرح سعودی حکومت اور عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں اسی طرح پاکستان کی پوری قوم سعودی عرب سے محبت کرتے ہیں۔ سعودی عرب کو ہم اسلام کا مرکز سمجھتے ہیں کیونکہ یہاں حرمین شریفین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برما میں مسلمانوں پر مظالم کیخلاف جمعیت علما اسلام نے پاکستان میں مظاہرے کیے۔ برما، کشمیر اور فلسطین میں جو ہو رہاہے یا دنیا میں کہیں انسانیت پر ظلم ہو رہا ہو ہم نے ہمیشہ پارلیمنٹ میں آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیشت کا استحکام چاہتے ہیں۔ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو گا تو وہ ایک مضبوط ایٹمی طاقت ہو گا۔