کراچی ، ستمبر 12 (ٹی این ایس) قائد آباد چوک پر غیر قانونی بس اڈے اور پتھاریداروں کی ضلعی انتظامیہ کی ساتھ ملی بھگت کی وجہ سے علاقہ میں بدترین ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ٹریفک جام کی وجہ سے اکثر گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے اور اسکے نتیجے میں شہریوں کے درمیان لڑائی جھگڑوں کے واقعات پیش آتے ہیں۔
ایسا ہی ایک حادثہ کل پیش آیا جس میں پانی کا ٹینکر ہائی روف کوگھیسٹتے ہوئے دوسری گاڑی سےٹکرا گیا جس سے ہائی روف میں موجود خواتین اور ڈرائیور زخمی ہوگئے۔
اہلیان علاقہ نے ٹی این ایس کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ ملیر کی انتظامیہ کو بار بار باور کروانے کے باوجود قائد آباد چوک سے اندرون ملک جانے والے مذکورہ غیر قانونی بس اڈے اور پتھاریدار مافیا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ انھوں نے کہا ہے کہ پتھاریدار دراصل ملیر کی ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں کی جیبیں گرم کرتے ہیں۔