وزیر خزانہ اسحاق ڈار نیب ریفرنس پر 20 ستمبر کو احتساب عدالت میں طلب

 
0
388

اسلام آبادستمبر 14 (ٹی این ایس) احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نیب ریفرنس پر 20 ستمبر کو طلب کرلیا۔نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات کا ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں جمع کرایا تھا جس پر رجسٹرار نے اعتراض لگا کر اسے واپس کردیا تھا اور ضروری دستاویزات بھی لگانے کا حکم دیا تھا۔نیب نے ریفرنس مکمل اور اضافی دستاویزات کے ساتھ رجسٹرار آفس میں جمع کرایا جس کی اسکروٹنی کے بعد رجسٹرار آفس نے ریفرنس عدالت میں جمع کرایا۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو 20 ستمبر کو طلب کرلیا جس کیلئے انہیں نوٹس بھی جاری کردیا گیا۔نوٹس اسحاق ڈار کے گلبرگ لاہور کے پتے پر جاری کیا گیا ہے جس میں انہیں صبح 9 بجے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔