ورلڈ الیون کے اعزاز میں پشاور زلمی کا ظہرانہ

 
0
345

ہورستمبر 15(ٹی این ایس) پاکستان سپر لیگ کی چیمپیئن پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کر کے پاکستان آمد پر شکریہ ادا کیا۔جاوید آفریدی کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں ڈیرن سیمی کے ہمراہ ’’زلمی ایکسپریس‘‘ حسن علی، وہاب ریاض، تمیم اقبال اور کوچ محمد اکرم نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔زلمی کے سپر سٹارزکے علاوہ سابق زمبایوین کپتان اینڈی فلاور، سابق کپتان وقار یونس، جنوبی افریقہ کے سپر سٹار ہاشم آملا، عمر امین، عماد وسیم اور بابر اعظم بھی موجود تھے۔

اس موقع پر جاوید آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں ورلڈ الیون کا دورہ ایک بڑا قدم ہے اور مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کھلاڑیوں کی پی ایس ایل فائنل کیلئے پاکستان آمد سے دوسرے کھلاڑیوں کی آمد کی راہ ہموار ہوئی۔پشاور زلمی کے کپتان اور ورلڈ الیون کے رکن ڈیرن سیمی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ورلڈ الیون کا حصہ ہونے پر وہ بے حد خوش ہیں اور پشاور زلمی کے کھلاڑیوں سے اس موقع پر ملاقات ایک خوشگوار تجربہ ہے۔انہوں نے مزید کہا ہم بحیثیت ٹیم پی ایس ایل 2میں بہت اچھا کھیلے اور اب ہم پی ایس ایل 3میں بھی ایسی ہی کارکردگی دکھانے کیلئے بے چین ہیں۔