پشاور: یکہ توت میں انتخابی مہم کے دوران دھماکا ،امیدوارہارون بلور سمیت 4 افراد شہید جبکہ 24 افراد زخمی، ہارون کے فرزند بھی شدید زخمی

 
0
927

پشاور،جولائی 11 (ٹی این ایس):خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت میں واقعہ علاقے یکہ توت میں انتخابی مہم کے دوران دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ہارون بلور سمیت 4افراد شہید جبکہ 24 زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقے  پی کے 78  میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار یکہ توت کے علاقے میں منعقدہ کارنر مٹینگ میں جیسے ہی پہنچے تو مرکزی دراوزے پر زور دار دھماکا ہوا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بشیر بلور کے صاحبزدے اور پی کے 78 کے امیدوار  بیرسٹر ہارون بلوربھی دھماکے کے نتیجے میں شدید زخمی ہوئے جبکہ اے این پی کے کارکنان اور مٹینگ میں شرکت کرنے والے عوام بھی شدید زخمی ہوئے۔

تمام زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ جائے وقوعہ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کیے۔ ذرائع کے مطابق ہارون بلور کو شدید تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے، امیدوار کے چچا الیاس بلور نے ہارون بلور کے جاں بحق ہونے کی تصدیق بھی کردی۔ دھماکہ میں ان کے فرزند بھی زخمی ہوگئے ہیں اور ان کے زخموں کی نوعیت بھی سنگین بتائی جاتی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا خودکش تھا جس میں 10 سے 12 کلو بارود استعمال کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اے این پی کے رہنما بشیر احمد بلور کو بھی 2012 میں بم دھماکے کے نتیجے میں شہید کیا گیا تھا۔