اسلام آباد (ٹی این ایس) ٹیکس کنسلٹنٹس اور اکاؤنٹنٹس قومی معیشت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومتی اقدامات میں فعال کردار ادا کریں، بلال اظہر کیانی

 
0
48

اسلام آباد، 12 جولائی 2025 (ٹی این ایس) انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی سی ایم اے پی) کے اسلام آباد برانچ کونسل (آئی بی سی) اور راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن (راولپنڈی انکم ٹیکس بار ایسوسی ایشن) کے باہمی اشتراک سے سیمینار۔کا۔انعقاد کیا گیا۔ جس میں 450 سے زائد پیشہ ور افراد بشمول ٹیکس ماہرین، اکاؤنٹنٹس اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔

وزیر مملکت برائے خزانہ اور وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ کے سربراہ، جناب بلال اظہر کیانی نے فنانس ایکٹ 2025 کے سیمینار سے مہمان خصوصی کی حیثیت میں شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے معیشت کی مستحکم اور ترقی کی جانب حکومت کی نمایاں کوششوں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے میکرو اور مائیکرو دونوں سطحوں پر مثبت معاشی پیش رفت پر بات کرتے ہوئے حکومت کی اہم کامیابیاں اجاگر کیں جن میں مہنگائی کی شرح اور سینٹرل بینک کے پالیسی ریٹ میں کمی، اسٹاک ایکسچینج کی تاریخی بلندی، قومی قرضوں کا مؤثر انتظام، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام کو چلانے کے علاوہ مجموعی ٹیکس آمدنی میں اضافہ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے رقم میں نمایاں اضافہ، اور موجودہ بجٹ میں تنخواہ دار افراد کے لیے ریلیف اقدامات شامل ہیں۔ جامع پالیسی سازی کے حکومتی عزم پر زور دیتے ہوئے وزیر مملکت خزانہ نے کہا کہ ” کاروباری برادری کے ساتھ رابطوں اور مشاورت کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے قومی معیشت میں نجی شعبے کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے سیمینار کے انعقاد پر ‘آئی سی ایم اے’ پاکستان اور ‘آر آئی ٹی بی اے’ کا شکریہ ادا کیا اور ٹیکس کنسلٹنٹس اور اکاؤنٹنٹس پر زور دیا کہ وہ قومی معیشت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومتی اقدامات میں فعال کردار ادا کریں۔

سیمینار سے قبل ‘آئی بی سی آئی سی ایم اے’ پاکستان کے چیئرمین، جناب محمد عمران نے وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی کا خیرمقدم کیا اور اقتصادی پالیسی سازی، مالی آڈٹ، لاگت آڈٹ، صنعتی تحقیق اور عالمی سطح پر رائج بہترین طریقوں کے فروغ میں ‘آئی سی ایم اے’ پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔

معروف ٹیکس ماہرین نے آمدنی ٹیکس، سیلز ٹیکس، ڈیجیٹل انوائسنگ، اپیل کے طریقہ کار اور سال 2025 کے لیے نئے انکم ٹیکس ریٹرن میں تبدیلیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مسابقت کمشن پاکستان کی رکن بشریٰ ناز ملک اور محمد رضوان ارشد نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔