شمالی وزیرستان ، سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر نامعلوم شدت پسندوں کی فائرنگ 3 اہلکارشہید جبکہ 8 شدید زخمی

 
0
315

اسلام آباد اکتوبر 9(ٹی این ایس)وفاقی حکومت کے زیر انتظام قبائلی علاقے ( فاٹا) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر نامعلوم شدت پسندوں کی فائرنگ سے 3 اہلکار شہیدجبکہ 8 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کے اہلکار سب ڈویژن رزمک تحصیل دوسلی میں معمول کے مطابق اپنی گاڑی میں گشت کررہے تھے کہ اس دوران نامعلوم شدت پسندوں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں 3 اہلکار شہید اور 8 دیگر شدید زخمی ہوگئے جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو دوسلی ہسپتال منتقل کردیا۔

دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے رزمک سے میرانشاہ تک مین شاہراہ پر کرفیو نافذ کرکے جائے وقوعہ سے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا تاہم آخری اطلاعات تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔