راولپنڈی (ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب اور ضلع راولپنڈی کا ہنگامی اجلاس عوامی منتخب ایم این ایز‘ ایم پی اے کا 5اگست عمران رہائی تحریک میں بھرپور شرکت کا اعلان عمران خان کی غیر مشروط رہائی تک کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا‘ شرکاء کا خطاب پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر ملک تیمور مسعود اکبر کی زیر صدارت عمران خان رہائی تحریک کے حوالے سے ضلع راولپنڈی کے عوامی ایم این ایز‘ ایم پی ایز اور ٹکٹ ہولڈرز کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں بڑی تعداد میں ضلع بھر کے فارم 45کے مطابق جیتنے والے ایم این اے اور اراکین صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں عوامی منتخب سات ایم این اے اور چودہ ایم پی اے سمیت تمام سٹیک ہولڈرز نے متفقہ طور پر 5اگست کی تحریک میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا اور صدر شمالی پنجاب اور ضلعی صدر راولپنڈی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے صدر ملک تیمور مسعود نے خطاب میں کہا کہ عمران خان قوم کی آواز اور اُمت مسلمہ کے بڑے لیڈر ہیں۔ انکی بلاجواز اور انتقامی کیسوں میں 2سالہ گرفتاری سے ثابت ہو گیا کہ حکمران اُن سے کتنے خائف ہیں۔ بجلی‘ گیس‘ پٹرولیم سمیت ہر شعبہ زندگی میں بڑھتی قیمتوں نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ عمران خان دور میں پٹرول کی قیمت ایک سو چالیس روپے تھی جبکہ آجکل 270روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔ غریب عوام کیلئے جینا مشکل کیا جا رہا ہے۔ دیگر شرکاء نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ اجلاس میں ملک تیمور مسعود اکبر‘ چوہدری محمد امیر افضل‘ عاقل خان ایڈووکیٹ‘ میجر لطاسب ستی‘ کرنل (ر) طارق بھٹی‘ کرنل (ر) اجمل صابر راجہ‘ محمد بشارت راجہ‘ شہریار ریاض‘ میڈم سیمابیہ طاہر‘ کرنل (ر) محمد شبیر‘ چوہدری جاوید کوثر‘ منیر اختر بھٹی‘ چوہدری محمد نذیر‘ سعدعلی خان‘ فہد مسعود اکبر‘ سردار ناصر علی خان‘ زیاد خلیق کیانی‘ راجہ راشد حفیظ‘ اسد عباس‘ راجہ تنویر اسلم نے شرکت کی۔ اجلاس میں 5اگست کو عمران خان رہائی تحریک میں عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کے عزم کیاگیا۔













