لاہور ،ستمبر 16(ٹی این ایس): مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ این اے 120(ن) لیگ کے متوالوں کا حلقہ ہے اور یہاں سے ہمیشہ بھاری اکثریت سےہم جیتے ہیں ۔ انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ این اے 120 کے ضمن انتخاب میں صرف کامیابی ہی نہیں بلکہ بڑے مارجن سے جیت کر سازشیوں کو جواب دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں حلقہ این اے120 میں کل ( اتوار ) ہونے والے ضمنی انتخاب کے حوالے سے حکمت عملی کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران ایک انٹرویو میں کیا ، ۔ انہوں نے کہا کہ میں حلقے میں جہاں بھی گئی ہوں عوام نے نوازشریف سے اپنی بھرپور محبت کا اظہار کیا ہے اور یہ ہمارے لئے سرمایہ حیات ہے۔
اس موقع پر انھوں نے پاناما اور سپریم کورٹ کے فیصلہ پر بھی بات کی اور کہا کہ عدالتِ عظمیٰ کا فیصلہ کسی بھی طرح انصاف کے تقاضوں پر پورا نہیں اترا،ہم نے احتساب کے نظام سے انتقام کا سامنا کیا ہے ۔ ڈان لیکس کی حقیقت کو سامنے آنا چاہیے تھا، نواز شریف نے کچھ ایسے سمجھوتے کیے جو انہیں نہیں کرنے چاہیے تھے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پانامہ پرچلنے والے مقدمے کا انجام مذاق پر ہوا دنیا اس فیصلے پر حیران ہے جب کہ ہمیں فئیر ٹرائل کا موقع نہیں ملا ، مریم نواز نے کہا کہ کورٹ کے جواب میں جواب بھی ہے اور سوال بھی ہے، ڈیڑھ سال سے جو سلوک روا رکھا گیا اس کے بعد انصاف کی امید رکھنا زیادہ ممکن نہیں تھا تاہم نظر ثانی کی پٹیشن قانونی تقاضا تھا اور انہی توقعات کے ساتھ ہم نے سوچا کہ نظام عدل کو ایک بار پھر آزمالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے ڈیڑھ سال میں بدترین میڈیا ٹرائل اور بدترین عدالتی ٹرائل ہوا، ہم نظام میں رہ کر نظام سے لڑے اور اپنے حق کے لیے لڑے، ہم نے احتساب کے نظام پر انتقام کا سامنا کیا ہے، ڈیڑھ سال ہم چپ رہے، اب بول رہے ہیں تو سننے کا حوصلہ رکھیں ۔اب عوام بتا دیں گے کہ نواز شریف ہی ان کا حقیقی لیڈر ہے ، جس دن فتح کی خبر آئے گی اس کے اگلے روز گلی محلوں کے مسائل کے حل کے لئے پورا زور لگا دیں گے۔