اسلام آباد (ٹی این ایس)(آئی پی ایس) پاک فوج نے کامیاب ہیلی ریسکیو مشن مکمل کرکے سیلاب میں پھنسے خاندان کی زندگیاں بچا لیں۔
رپورٹ کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے الارم بجا دیے گئے ہیں اور قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
جڑواں شہروں کے کچھ علاقوں میں کل رات سے اب تک 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی جس کے باعث راولپنڈی اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
پنجاب میں حالیہ بارشوں کے باعث مختلف علاقے سیلابی صورتحال سے دوچار ہیں، پاک فوج عوام کی مدد کے لیے ایک بار پھر میدان میں آگئی اور سیلاب متاثرین کو فوری ریسکیو کرنے کا عمل شروع کردیا۔
راولپنڈی کے چکری روڈ پر سیلاب میں پھنسے خاندان کی مدد کے لیے پاک فوج نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پھنسے لوگوں کو بچا لیا۔
متاثرہ خاندان چکری روڈ، گاؤں لڈیان میں مکان کی چھت پر پناہ لیے بیٹھا تھا، خراب موسم کے باوجود پاک فوج کا ہیلی مشن کامیابی سے مکمل ہوا، شدید سیلاب میں گھرے تینوں افراد کی زندگیاں بچا لی گئیں۔













