کراچی (ٹی این ایس) بلیو اکانومی کا فروغ: کراچی میں 120 ایکڑ پر محیط ایکوا کلچر پارک بنانے کا فیصلہ

 
0
43

کراچی (ٹی این ایس) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے کورنگی فش ہاربر میں ایکوا کلچر پارک کے قیام کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد پاکستان کی بلیو اکانومی کو فروغ دینا ہے۔ وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید کی زیرِصدارت کراچی میں بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے اجلاس منعقد ہوا جس میں گوادر پورٹ، کورنگی فش ہاربر، میرین فشریز اور بلوچستان چیمبر کے نمائندوں نے شرکت کی، دورانِ اجلاس وفاقی وزیر بحری امور نے کراچی میں 3 ارب روپے کی لاگت سے 120 ایکڑ پر محیط ایکوا کلچر پارک کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایکوا کلچر پارک کا منصوبہ عوامی و نجی شراکت داری کے تحت بنایا جائے گا، جس سے سمندری خوراک کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔جنید انور چوہدری کا کہنا تھا کہ ایکوا کلچر اور پورٹ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، پاکستانی ساحلی پانی ایکوا کلچر کے لیے نہایت موزوں ہے، کراچی کے بعد بلوچستان میں بھی یہی ایکوا کلچر ماڈل نافذ کریں گے، اس حوالے سے انہوں نیکورنگی فش ہاربر اتھارٹی کو 10 روز کے اندر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

وفاقی وزیر بحری امور نے میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ کا سب آفس گوادر پورٹ اتھارٹی میں منتقل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ دفاتر کی منتقلی سے ادارہ جاتی ہم آہنگی اور فیصلہ سازی میں تیزی آئے گی۔قبل ازیں، وزارت بحری امور کا کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) پر ڈرائی بلک ایکسپورٹ کارگو کے پورٹ چارجز ، ویرفیج چارجز اور اسٹوریج چارجز میں 50، 50 فیصد کمی کے فوری اطلاق کا اعلان کیا اور کہا کہ 5 فیصد سالانہ اضافے کا اطلاق بھی مخر کر دیا گیا ہے۔ جنید انوار چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق بحری شعبے میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت تاجروں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ان اقدام سے ملکی برآمدات کو فروغ ملے گا اور کاروباری اخراجات میں واضح کمی ہوگی۔