سماہنی (ٹی این ایس) سابق وزیرِ اعظم آزاد کشمیر اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی)کے صدر سردار عبدالقیوم نیازی کو حراست میں لے لیا گیا،پی ٹی آئی رہنما سردارعبدالقیوم نیازی کوجنڈی چونترہ کے مقام سے گرفتارکیاگیا،ان کے 9مئی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ صدر پی ٹی آئی و سابق وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو سماہنی سے حراست میں لیا گیا ہے۔سردار عبدالقیوم نیازی سماہنی میں ریلی سے خطاب کے لیے پہنچے تھے۔ریلی میں شرکت سے پہلے عبدالقیوم نیازی کو حراست میں لیا گیا، عبد القیوم نیازی پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔
ڈی آئی جی لیاقت چوہدری کے مطابق عبدالقیوم نیازی کو 16ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا اور ان کی گرفتاری ڈپٹی کمشنر کے حکم پر عمل میں لائی گئی۔واضح رہے کہ سردار عبدالقیوم نیازی 4 اگست 2021 تا 14 اپریل 2022 آزاد کشمیر کے وزیرِاعظم رہ چکے ہیں۔













