کراچی (ٹی این ایس) کوآپریٹو سوسائٹیز میں شفافیت اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے شکایتی مرکز کا قیام سردار احسان الرحمان مزاری نے شکایتی سیل کا افتتاح کر دیا

 
0
40

کراچی (ٹی این ایس) کراچی مشیرِ وزیر اعلیٰ سندھ برائے بین الصوبائی رابطہ و کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ، سردار احسان الرحمان مزاری کی خصوصی ہدایت پر کوآپریٹو سوسائٹیز سے متعلق عوامی شکایات کے فوری ازالے، شفافیت اور جوابدہی کے فروغ کے لیے “شکایتی مرکز” قائم کر دیا گیا۔شکایتی سیل کا باضابطہ افتتاح سردار احسان الرحمان مزاری نے ربن کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری کوآپریٹو قمر رضا بلوچ، رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز واجد شیخ اور دیگر متعلقہ افسران و عملہ بھی موجود تھا۔یہ شکایتی مرکز رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز کے دفتر، نعمان آرکیڈ نزد مشرق سینٹر، گلشن اقبال کراچی میں قائم کیا گیا ہے، جہاں موصول ہونے والی تمام شکایات کی مکمل جانچ کے بعد براہِ راست مشیرِ وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کیا جائے گا تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔سردار احسان الرحمان مزاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ مرکز عوامی مسائل کے فوری حل اور ادارہ جاتی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوآپریٹو سوسائٹیز کے معاملات میں بدعنوانی یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔شہری کوآپریٹو سوسائٹیز سے متعلق مسائل اور شکایات براہِ راست واٹس ایپ نمبر 03001401301 پر درج کرا سکتے ہیں تاکہ ان کا فوری تدارک ممکن ہو سکے