دیر(ٹی این ایس) دیر اپر میں پولیس، سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس، اور ریپڈ رسپانس فورس نے مشترکہ طور پر تین دن تک جاری رہنے والے آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 9دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد کی گئیں جن میں سے ایک کی شناخت ساجد اللہ ولد شریف جان کے نام سے ہوئی جو فتنہ الخوارج کا مقامی کمانڈر تھا۔ہلاک دہشت گرد کے خلاف متعدد مقدمات درج تھے۔آپریشن کے دوران پولیس اور سی ٹی ڈی کے 10 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ بدقسمتی سے 2 عام شہری شہید ہو گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کامیاب آپریشن پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کے پی کے پولیس اور سی ٹی ڈی کے بہادر سپوتوں کو اس بڑی کامیابی پر سلام پیش کرتا ہوں اور قوم کو اپنے دلیر سپوتوں پر مان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیر داخلہ نے شہید ہونے والے 2 شہریوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔













