اسلام آباد (ٹی این ایس) جناح گارڈن ون ہائوسنگ اسکیم زون فائیو میں عوامی سہولت کے پلاٹس کی غیر قانونی تبدیلی کا معاملہ ، سی ڈی اے کا سیکرٹری فیڈرل ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کو شو کاز نوٹس جاری

 
0
34

اسلام آباد (ٹی این ایس) جناح گارڈن ون ہائوسنگ اسکیم زون فائیو میں عوامی سہولت پلاٹس کی غیر قانونی تبدیلی کا معاملہ ،وفاقی ترقیاتی ادارے ( سی ڈی اے) نے سیکرٹری فیڈرل ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا ۔

شو کاز نوٹس کے مطابق فیڈرل ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی نے جناح گارڈن ون ہائوسنگ اسکیم زون فائیو میںمنظور شدہ لے آوٹ پلان اور این او سی کی شرائط کی خلاف ورزی کی ہے۔نوٹس میں کہا گیا کہ 2548کنال کی مذکورہ ہائوسنگ سوسائٹی کے لے آئوٹ پلان کی 9اپریل 2011کو منظوری دی گئی تھی اور عوامی سہولت کے پلاٹس مثلا پارکس، قبرستان اور پبلک بلڈنگز کے لیے مختص زمین سی ڈی اے کے نام منتقل کی گئی تھی۔ تاہم ان پلاٹس کو غیر قانونی طور پر رہائشی اور دیگر استعمال میں منتقل کردیا گیا ہے ۔دستاویزات کے مطابق سٹریٹ نمبر 5اے میں پارک کیلئے مختص 8اعشاریہ 84کنال کا رقبہ غیر قانونی طور پر رہائشی ایریا میں تبدیل کیا گیا ، اسی طرح سٹریٹ نمبر 5اے اور 6اے میں پلے گرائونڈ کا 4کنال سے زائد رقبہ بھی رہائشی ایریا میں تبدیل کیا گیا ، سٹریٹ نمبر 6اور 8میں گیارہ کنال سے زائد رقبہ گرین ایریا سے رہائشی ایریا میں تبدیل کیا گیا ۔

علاوہ ازیں گلی نمبر 10اے میں 3اعشاریہ 32کنال ، سٹریٹ نمبر 12اے میں 4اعشاریہ 91کنال اور گلی نمبر 15اے میں 2اعشاریہ 36کنال اوپن اسپیس کو بھی رہائشی ایریا میں تبدیل کیا گیا ۔ اس کے علاوہ متعدد گلیوں میں مساجد ، سکول، اسپتال ،کمیونٹی سنٹر اور قبرستان کیلئے مختص درجنوں کنال جگہ کو بھی غیر قانونی طور پر رہائشی ایریاز میں تبدیل کیا گیا ہے ۔سی ڈی اے نے خبردار کیا ہے کہ اگر سوسائٹی نے اگر شو کاز نوٹس کے 10یوم کے اندر وضاحت نہ دی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں سوسائٹی اور سائٹ دفاتر کی سیلنگ، غیر قانونی تعمیرات کی مسماری اور دیگر اقدامات شامل ہوں گے۔مزید برآں، سی ڈی اے نے سوسائٹی کو 10 دن کے اندر ذاتی سماعت کا موقع بھی دیا ہے تاکہ وہ اپنا موقف پیش کرسکے۔