اسلام آباد (ٹی این ایس) اسلام آباد پہلے سے زیادہ سرسبز، 26ہزار پیپر ملبری کے بدلے 46 ہزار درخت لگائے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

 
0
4

اسلام آباد (ٹی این ایس) (آئی پی ایس )وزیرِ پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سینیٹ کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہلے سے زیادہ سرسبز ہو چکا ہے، جہاں پیپر ملبری کے 26 ہزار درختوں کی کٹائی کے بعد 46 ہزار نئے درخت لگائے گئے ہیں۔

درختوں کی مبینہ کٹائی سے متعلق اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تمام سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبے 1960 میں منظور شدہ اسلام آباد ماسٹر پلان کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔وزیر نے کہا کہ دارالحکومت کے سبز کردار سے متعلق تمام دعوں کی تصدیق گوگل سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعے کی جا سکتی ہے، جو مختلف ادوار میں اسلام آباد کی سبز صورتحال کو واضح طور پر ظاہر کرتی ہیں۔سینیٹر سید علی ظفر کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پیپر ملبری کے درخت 1970 کی دہائی میں فضائی بیج بونی کے ذریعے تیزی سے سبزہ پیدا کرنے کے لیے لگائے گئے تھے، تاہم یہ درخت مقامی نوعیت کے نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ 1990 کی دہائی کے اوائل سے ہونے والی سائنسی تحقیقات سے ثابت ہوا کہ پیپر ملبری کا پولن شہریوں میں دمہ اور پولن الرجی کی بڑی وجہ ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ پیپر ملبری کے درختوں کی کٹائی 2024 میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر شروع کی گئی، تاہم بعد ازاں سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس پر عارضی طور پر روک دی گئی۔ بعد میں سپریم کورٹ کی قائم کردہ کمیشن نے معاملے کا جائزہ لے کر عوامی مفاد میں درختوں کی کٹائی کی مکمل توثیق کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ سی ڈی اے نے سپارکو کے تعاون سے سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے اسلام آباد کے سبزہ زار رقبے کا جامع جائزہ لیا، جس سے واضح ہوا کہ دارالحکومت کی سبز ساخت متاثر نہیں ہوئی اور اسے ایوان میں پیش کیا جائے گا۔وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اسلام آباد کے سبز کردار کے تحفظ اور بہتری کے لیے پرعزم ہے، اور سبز علاقوں کو بھورے زونز میں تبدیل کرنے کی کوئی پالیسی یا نیت نہیں، جبکہ تمام اقدامات عدالتی احکامات اور منصوبہ بندی کے قوانین کے مطابق شفاف انداز میں کیے جا رہے ہیں۔