اسلام آباد (ٹی این ایس) مرکزی میلاد کمیٹی وسی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام عید میلادالنبیؐ کے عظیم الشان جلوس کا انعقاد۔
روح پرور جلوس کی قیادت پیر بدرعالم جان نے کی،جلوس میں علما و مشائخ اور عاشقانِ رسول ؐ کی کثیر تعداد میں شرکت۔
مرکزی میلاد کمیٹی وسی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام پندرہ سوواں جشنِ عید میلادالنبی ؐ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ایک عظیم الشان جلوس بھٹو گراؤنڈسے ہوتا ہوا الحبیب مارکیٹ، میلوڈی مارکیٹ کے راستے سے گزرتا ہوا سخی محمود بادشاہ دربار پر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کی قیادت معروف روحانی شخصیت پیر بدرعالم جان سجادہ نشین آستانہ عالیہ خیریہ مرشد آباد شریف نے کی۔جلوس میں تاحیات چیئرمین مرکزی میلادکمیٹی پیر سید محمد علی واسطی،پیرعبید احمد عبید نقشبندی،مولانا عبدالغنی نقشبندی،مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،علامہ پیر وحید احمدشاہ،علامہ ڈاکٹرمیاں عبدالقادرسکندری،علامہ سید محمد جہانگیرشاہ سعیدی،صاحبزادہ حسیب احمد نظیری،قاری املاک حسین چشتی،سید عبدالقادرگیلانی،محمد خطیب مصطفائی،سید محمد کامران شاہ سمیت علما کرام، مشائخ عظام، مذہبی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان سمیت ہزاروں عاشقانِ رسولؐ نے شرکت کی۔جلوس میں روح پرورمناظر دیکھنے کو ملے خصوصی طور پر نوجوانوں کا جذبہ دیدنی تھا،جلوس میں بچے اونٹھوں اور گھوڑوں پر سوارہوکر جلوس میں شریک تھے،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ آج ہم اس بابرکت دن کو منانے کے لیے جمع ہیں جو تمام دنوں سے افضل ہے۔ یہ وہ دن ہے جب اللہ تعالیٰ نے انسانیت کونبی اکرمؐ کی ولادت کی صورت میں سب سے بڑی نعمت عطا فرمائی۔حضواکرمؐ کی آمد نے ظلمت کو نور میں، جہالت کو علم میں، اور گمراہی کو ہدایت میں بدل دیا۔آپؐ کی سیرت مبارکہ قیامت تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔عید میلاد النبی ؐ ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو سیرتِ طیبہ کے مطابق ڈھالیں، سچائی، عدل، محبت اور خدمتِ خلق کو اپنائیں لہٰذا اس دن کا اصل پیغام یہ ہے کہ ہم صرف جشن تک محدود نہ رہیں بلکہ آپؐ کی سنتوں کو اپنی عملی زندگی میں اختیار کریں۔اللہ تعالیٰ ہمیں حضور ؐ کی حقیقی محبت عطا فرمائے، ہمیں آپ کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق دے، اور اس بابرکت دن کی برکتوں سے ہماری زندگیوں کو روشن کرے۔ جلوس کے اختتام پر اجتماعی کی گئی جس میں ملک و قوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر عاشقانِ رسول ؐ میں لنگر تقسیم کیا گیا جبکہ نعت خوانی اور درود و سلام کی محافل بھی منعقد کی گئیں۔اس موقع پر مرکزی میلاد کمیٹی اور سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا،آئی جی اسلام آباد،ڈپٹی کمشنراسلام آباد،چیف میٹروپولیٹن آفیسر اور اسلام آبا د انتظامیہ کا فول پروف انتظامات کرنے پر شکریہ اداکیا۔















