اسلام آباد (ٹی این ایس) خانیوال پولیس نے ضلع کے بدنام زمانہ منشیات فروش پپو بلوچ کو گرفتار کر لیا

 
0
31

اسلام آباد (ٹی این ایس) خانیوال پولیس نے ضلع کے بدنام زمانہ منشیات فروش پپو بلوچ کو گرفتار کر لیا، جو ریپ اور قتل کی وارداتوں میں بھی ملوث تھا۔ ایس ایچ او تھانہ صدر شعبان خالد گورایہ کی قیادت میں کی جانے والی کارروائی نے علاقے میں پھیلی دہشت کے اندھیروں کو ختم کر دیا ۔ ملزم کی پرکشش ترغیبات اور سفارشیں بھی اس کی گلوخلاصی نہ کروا سکیں ۔ ڈی پی او خانیوال اسماعیل کھاڑک کی منشیات فروشوں کے خلاف ریروٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری
پولیس ذرائع کے مطابق پپو بلوچ نہ صرف منشیات کے بڑے نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ تھا بلکہ اس نے متعدد اجرتی قتل کروائے اور خواتین کے ساتھ ریپ اور تشدد کے بھی سنگین کیسز میں ملوث رہا۔ مقامی افراد کے مطابق یہ شخص مسلح گروہوں کے ذریعے علاقے میں خوف و ہراس قائم کیے رکھتا اور شہریوں کو مسلسل دھمکیاں دیتا تھا۔

تھانہ صدر کے ایس ایچ او شعبان خالد گورایہ نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اہلکار احمد اور خرم کے ساتھ خفیہ منصوبہ بندی کے تحت کارروائی کی۔ پولیس کے مطابق پپو بلوچ انتہائی محتاط اور خطرناک تھا، مگر ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات مندی کے باعث اسے قابو کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران مجرم نے شدید مزاحمت کی، لیکن پولیس نے بغیر کسی جانی نقصان کے اسے گرفتار کیا۔

گرفتاری کے بعد علاقے میں خوشی اور سکون کی فضا قائم ہو گئی۔ شہریوں نے کہا کہ “یہ شخص پورے علاقے کے لیے دہشت کا باعث تھا، آج ہم آزاد ہیں۔” خواتین اور نوجوانوں نے بھی اس کامیابی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام علاقے کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے۔

ایڈیشنل آئی جی پنجاب محمد کامران خان آر پی او ملتان اور ڈی پی او خانیوال اسماعیل کھاڑک نے ایس ایچ او شعبان خالد گورایہ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ پپو بلوچ جیسے عناصر کا انجام باقی مجرموں کے لیے واضح پیغام ہے۔ حکام نے یقین دلایا کہ پولیس کسی بھی قیمت پر معاشرے کو منشیات، اجرتی قتل اور ریپ سے پاک کرنے کے لیے سرگرم عمل رہے گی۔