اسلام آباد (ٹی این ایس) تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے کہا ہے کہ جس طرح سائنس انسانیت کی تقدیر بدل دیتی ہے

 
0
24

اسلام آباد (ٹی این ایس) تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے کہا ہے کہ جس طرح سائنس انسانیت کی تقدیر بدل دیتی ہے، اسی طرح فتح جنگ کے نوجوان اپنی صلاحیتوں اور تحقیق سے پاکستان کے مستقبل کو نئی جہت دینے کی طاقت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ طلبہ کسی لیبارٹری میں بیٹھے ہوئے سائنسدانوں کی طرح ہیں جو نئی دنیا تراش رہے ہیں۔

رفاہ انٹرنیشنل کالج میں چوتھی آئی ٹی ایکسپو (پراجیکٹس نمائش) کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری شفقت محمود نے کہا کہ “ہر قوم کی اصل طاقت اس کے نوجوان سائنسدان اور محقق ہوتے ہیں۔ یہ طلبہ نہ صرف جدید علوم کو اپنا رہے ہیں بلکہ دنیا کے سامنے پاکستان کو ایک تحقیقی، علمی اور تخلیقی قوم کے طور پر پیش کریں گے۔”

انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبہ علم کے ذریعے وہ انقلاب لا سکتے ہیں جو توپ و تفنگ نہیں لا سکتی۔ “ایک تخلیقی ذہن ہزار ہتھیاروں پر بھاری ہوتا ہے، اور یہ نوجوان ہمارے فکری ہتھیار ہیں۔”

چوہدری شفقت محمود نے کالج کے لیے دس کمپیوٹر دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے بغیر تعلیم ادھوری ہے، اور یہ نوجوان وہی سائنسدان ہیں جو کل کو ملک کے ہر شعبے کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔

اس موقع پر پیر سید قاسم شاہ سیالوی ہمدانی، کرنل کاشف عالمگیر خان، پروفیسر افتخار احمد افتی، پرنسپل اجمل بیگ، صدر پریس کلب حاجی ذوالفقار علی بلوچ، ملک نصرت خان ماجھیا، ملک عابد داؤد اور دیگر معززین شریک تھے۔ تقریب کے اختتام پر طلبہ اور اساتذہ کو شیلڈز دی گئیں۔

شرکا نے کہا کہ یہ نمائش محض ایک تعلیمی تقریب نہیں تھی بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کی جھلک تھی۔