اسلام آباد (ٹی این ایس) سپشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود نے اپنی دبنگ قیادت میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے گندم اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ سی پیک روٹ پر علی الصبح خفیہ اطلاع پر کی جانے والی کارروائی میں 20 مشکوک ٹرکوں کو روکا گیا جن میں 232 ٹن آٹا اور چوکر لوڈ تھا، جو خیبر پختونخوا اسمگل کیا جا رہا تھا۔
چوہدری شفقت محمود نے ڈی ایس پی اسلم ڈوگر، ایس ایچ او مجاہد عباس، چوکی انچارج سید کامران اور محرر حسیب احمد پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ یہ کارروائی کی۔ ضبط شدہ ٹرکوں اور مال کو ان کی نگرانی میں پولیس کے سپرد کر دیا گیا تاکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ضلعی اور صوبائی انتظامیہ تک خبر پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر اٹک اور ڈی پی او اٹک نے چوہدری شفقت محمود اور پولیس ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہا اور ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
علاقے کے عوام نے بھی اس بڑی کارروائی پر افسران اور پولیس ٹیم کو زبردست داد دی اور اسے گندم کی اسمگلنگ کے خلاف ایک سنگ میل قرار دیا۔ شہریوں نے توقع ظاہر کی کہ اس شاندار کارکردگی پر ٹیم کے ارکان کو خصوصی انعامات سے نوازا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کارروائی کے نتیجے میں گندم اسمگلنگ کے منظم نیٹ ورک کے مزید انکشافات سامنے آئیں گے۔













