اسلام آباد (ٹی این ایس) افواجِ پاکستان جانثار موومنٹ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان آرمی صرف ملکی دفاع ہی نہیں بلکہ امتِ مسلمہ کے وقار اور حرمین شریفین کی حفاظت کی علامت ہے۔ چیئرمین اسماعیل شاکر سالارزئی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت کی سعادت پاکستان آرمی کے حصے میں آ کر پوری امت کے لیے ایک نایاب اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل حافظ سید عاصم منیر، اپنے نسب، حفظِ قرآن اور اب حرمین کے محافظ کی حیثیت سے دنیا بھر کے ایک ارب مسلمانوں کے سب سے ممتاز اور باوقار رہنما بن چکے ہیں۔
مرکزی اجلاس میں شریک سینئر وائس چیئرمین سید ثاقب نقوی اور چیف کوآرڈینیٹر سلیم ممتاز بوبی نے کہا کہ پاکستان آرمی اور اس کے انٹیلیجنس ادارے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں، اور عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ ناقابلِ تسخیر دیوار کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔
چیئرمین نے ہدایت دی کہ جانثار موومنٹ کو فوری طور پر یونین کونسل کی سطح تک فعال کیا جائے تاکہ دشمن کو یہ پیغام ملے کہ پاکستانی عوام اپنی افواج کے ساتھ ہیں اور کسی بھی جارحیت یا سازش کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔
اجلاس میں صوبائی رابطہ سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر ارشد کی شاندار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جنہوں نے پنجاب کے 36 میں سے 25 اضلاع میں تحریک کو منظم اور فعال بنایا۔
سینئر وائس چیئرمین سید ثاقب نقوی نے کہا:
“آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پوری امت کے فخر ہیں۔ حرمین شریفین کی حفاظت کی سعادت ان کے بلند نصیب اور اللہ کی خاص عطا کا ثبوت ہے۔”
چیف کوآرڈینیٹر سلیم ممتاز بوبی نے کہا:
“پاکستان آرمی وطن کی عزت و وقار کی محافظ ہے۔ قوم اپنی فوج کے ساتھ ہے اور ہر محاذ پر سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہے گی۔”
آخر میں تحریک کے قائدین نے اعلان کیا کہ افواجِ پاکستان امتِ مسلمہ کا فخر اور حرمین شریفین کی پاسبانی سب سے بڑا اعزاز ہے، جس پر پوری قوم اور جانثار موومنٹ کو ناز ہے۔













