عبدالستار ایدھی کو بے سہارا اور دکھی انسانیت کی خدمت کے عملی نمونہ کے طور پرہمیشہ یاد رکھا جائے گا، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

 
0
353

اسلام آباد جولائی 08 (ٹی این ایس): سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی کو بے سہارا اور دکھی انسانیت کی خدمت کے عملی نمونہ کے طور پرہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انسانیت کی خدمت کرنے والے ہمیشہ زندہ جاوید رہتے ہیں، ایدھی صاحب نے خود کو دکھی انسانیت کے لیے وقف کر کے ایک قابل تقلید مثال قائم کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو عبدالستار ایدھی کی تیسری برسی کے موقع پر ان کی دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف زندگی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت کے لیے خدمات کی بدولت ان کا شمار ہمارے قومی ہیروز میں ہوتا ہے، انسانیت کی خدمت ہمارا دینی اور اخلاقی فریضہ اور اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے غربت کے خاتمے، بے سہارا، معاشرے میں پسے ہوئے طبقات اورخصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے وزارت انسداد غربت کے قیام کے ذریعے احساس پروگرام سمیت مختلف پروگرام شروع کیے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات اور فلاحی تنظیموں کو عبدالستار ایدھی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے محروم طبقات کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے۔