اسلام آباد (ٹی این ایس) پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے درمیان کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت مذاکرات جاری ہیں جب کہ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان اقدامات کررہا ہے۔تفصیلا ت کے مطابق ذرائع وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرط پر کلائمٹ بجٹ کے لیے نیا طریقہ کار طے کیا گیا ہے، عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ کلائمٹ فناننسنگ پروگرام کے حوالے سے پہلے جائزہ مذاکرات کی کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کررہا ہے جب کہ کلائمٹ بجٹ سے متعلق تمام اخراجات کی نشاندہی کی جائے گی۔ مزید کہا گیا کہ کلائمٹ بجٹ ٹیگنگ کو سبسڈیز اور گرانٹس کے اخراجات تک بڑھایا گیا ہے، کلائمٹ بجٹ ٹیگنگ آف سبسڈیز آئی ایم ایف کے پروگرام کی شرط ہے۔یاد رہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کے فی لیٹر پر ڈھائی، ڈھائی روپے کلائمٹ سپورٹ لیوی عائد کی گئی۔اس وقت آئی ایم ایف کاوفد مشن چیف کی سربراہی میں پاکستان میں موجود ہے، آئی ایم ایف وفد کیساتھ قرض پروگرام اورکلائمٹ فناننسنگ پر مذاکرات ہورہے ہیں۔عالمی مالیاتی فنڈ کے وفد کے ساتھ 7 ارب ڈالر قرض کے موجودہ پروگرام کے دوسرے جائزہ مذاکرات جاری ہیں جب کہ آئی ایم ایف وفد کے ساتھ کلائمٹ فناننسنگ کے پہلے جائزہ پر مذاکرات بھی شیڈول کا حصہ ہے۔آئی ایم ایف تقریبا آئندہ 2 سال میں کلائمٹ فناننسنگ پروگرام کے تحت پاکستان کو ایک ارب 30کروڑ ڈالرز فنڈز دے گا۔












