اسلام آباد،بدھ یکم اکتوبر، 2025 (ٹی این ایس)۔ پاکستان کے صفِ اول کے ڈیجیٹل مائیکرو فنانس بینک، موبی لنک بینک نے ڈیجیٹل انشورنس کمپنی،ٹی پی ایل لائف (ٹی پی ایل لائف) کے اشتراک سے پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طبی امداد فراہم کرنے کے لیے مشترکہ اقدام کے تحت میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکپتن، سیالکوٹ اور منچن آباد (بہاولنگر) میں میڈیکل کیمپس لگائے گئے تاکہ ان افراد کوبنیادی طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں جن کی صحت کی سہولتیں حالیہ سیلاب کے باعث تباہ یا نا قابلِ رسائی ہو گئی تھیں۔
یہ اقدام دونوں اداروں کی کاروباری سماجی ذمہ داری اور بروقت انسانی ہمدردی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ دن بھر جاری رہنے والے ان میڈیکل کیمپس میں جامع انداز سے مکمل مفت طبی خدمات فراہم کی گئیں، جن میں میڈیکل چیک اپ، ڈاکٹرز سے مشاورت، ادویات کی فراہمی اور ٹیٹنس ویکسینیشنز شامل تھیں۔ اس اقدام کو زبردست پذیرائی ملی، تینوں شہروں میں مجموعی طور پر 300 سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جونہ صرف سیلاب زدہ علاقوں میں بروقت طبی سہولیات کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ اس مہم کی کامیابی کو بھی نمایاں کرتا ہے۔
موبی لنک بینک کے چیف بزنس آفیسر عطا الرحمن نے کہا، ”حالیہ سیلاب کے پیشِ نظر ہم نے اس فوری ضرورت کو محسوس کیا کہ جہاں انفراسٹرکچر شدید متاثر ہوا ہے وہاں لوگوں کو دوبارہ طبی سہولت کی فراہمی نہایت ضروری ہے۔ دیہی اور مضافاتی علاقوں میں براہِ راست میڈیکل کیمپس لگا کر ہم نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس مشکل گھڑی میں ہم اپنے صارفین کے ساتھ کھڑے ہیں۔”
ٹی پی ایل لائف انشورنس لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سعد نثار نے کہا، ”یہ اقدام اس حقیقت کا مظہر ہے کہ ہم خیال اداروں کی طرف سے بڑے مقصد کے لئے متحد ہونے سے نمایاں اثرات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ موبی لنک بینک کے ساتھ اشتراک کی بدولت ہم مشکل حالات میں متاثرہ علاقہ مکینوں کو بنیادی صحت کی سہولت فراہم کرنے کے قابل ہوئے۔”
موبی لنک بینک کی عملی معاونت، مقامی سطح پر رسائی،اور ٹی پی ایل لائف کی طبی مہارت اور وسائل نے ساتھ مل کر اس عمل کو یقینی بنایا کہ سیلاب متاثرین کو بروقت اور معیاری طبی سہولت فراہم کی جاسکیں۔ یہ اشتراک اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ اداروں کے درمیان تعاون گہرے مثبت سماجی اثرات مرتب کرتا ہے،اور موبی لنک بینک کی حیثیت کو ایک ذمہ دار مالیاتی ادارہ کے طور پر مزید مستحکم کرتا ہے جو اپنے آپریشنز میں عوام کو مرکزی اہمیت دیتا ہے













