اسلام آباد (ٹی این ایس)(آئی پی ایس) پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں تحریک عدم اعتماد لانے اور اپنی حکومت بنانے کی تیاری کر رہی ہے نیا وزیراعظم کون ہوگا؟
تفصیلات کے مطابق آزاد کمشیر کی حکومت اس وقت ہچکولے کھا رہی ہے اور پیپلز پارٹی نے صدر مملکت سے ملاقات کے بعد وزیراعظم کے مستعفی نہ ہونے کی صورت میں آئندہ 72 گھنٹے میں تحریک عدم اعتماد لانے اور وہاں اپنی حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔
پی پی آزاد کشمیر کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس آزاد کشمیر میں تحریک عدم اعتماد کامیاب کرانے اور اپنا وزیراعظم لانے کے لیے نمبرز پورے ہیں۔
پی پی رہنما چوہدری یاسین نے ایوان صدر میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال پر منگل کو دوبارہ اجلاس ہوگا۔ وزیراعظم کیلیے امیدوار کے نام کا اعلان پارٹی قیادت کرے گی۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں وزیراعظم کے لیے ابتدائی طور پر تین نام تجویز پیش کیے ہیں۔ ان میں چوہدری یاسین، سردار یعقوب اور چوہدری لطیف اکبر شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پارٹی میں ان تینوں ناموں پر غور کیا جا رہا ہے اور جلد ہی پی پی قیادت ان میں سے ایک نام کے لیے حتمی منظوری دے گی۔













