کے الیکٹرک کے مظالم کو رکوانے کے لیے میدان میں نکلے ہیں،آٹھ سالہ اذہان کے ورثاء کو انصاف کے لئے  کوئی کسر نہیں  چھوڑیں گے۔ جماعتِ اسلامی کے شرقی امیر کا اظہارِ عزم

 
0
345

کراچی، ستمبر 20  (ٹی این ایس):  امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی یونس بارائی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے کھمبے میں کرنٹ آنے سے 8سالہ  بچےاذہان کی ہلاکت کے حوالے سے عدالت کے حکم کے مطابق دفعہ 155کے تحت ورثاء نے بیان ریکارڈ کرادیاہے ۔ اب پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقدمے میں نامزد کے الیکٹرک کے چیئرمین اور سی ای او کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کرتے ہوئے مجرموں کو کٹہر ے میں لائے تاکہ ورثاء کو انصاف مل سکے ۔ ماڈل کالونی تھانے میں اذہا ن کے ورثاء کی جانب سے دفعہ 155کے تحت بیان ریکارڈ کرانے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یونس بارائی  نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ پولیس جانبداری کا مظاہرہ کررہی ہے  تاہم کے الیکٹرک کے مظالم کو رکوانے کے لیے میدان میں نکلے ہیں ۔ جماعت اسلامی اذہان کے ورثاء کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی ۔

 قبل ازیں جماعت اسلامی کراچی کے رہنماؤں نے ایس پی شعبان ، ڈی ایس پی فہیم فاروقی اورایس ایچ او تحسین احمد سے مقدمہ درج کرانے کے حوالے سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں یونس بارائی ، جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،یوسی وائس چیئرمین توفیق الدین صدیقی ،قیم زون برہان الدین ،ناظم یوسی قمر عباسی ،امیر زون صہیب بلال ، بچے کے والد خلیق الرحمن صدیقی ، مدعی اور اذہان کے تایا شفیق الدین صدیقی ، عامر خان ایڈوکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے ۔

 یونس بارائی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26روز گزرنے کے بعد اب تک کوئی کاروائی نہ کرنا پولیس کے عدم تعاون کا منہ بولتا ثبوت ہے، ورثاء پریشان ہیں کسی طور انصاف نہیں مل رہا ، کراچی کے عوام کا کیس لڑنے کے لیے انتہائی قدم تک جائیں گے ۔متوفی بچے کے والد خلیق الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے تعاون کے مشکور ہیں ، میرے بچے کا مقدمہ کے الیکٹرک کے ذمہ داروں کے خلاف درج ہونا بڑی کامیابی ہے ۔ فتح حق اور سچ کی ہی ہوگی اور واقع کہ ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔