اسلام آباد (ٹی این ایس): (پ ر: مورخہ 15 نومبر، 2025): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے کا گرینڈ آپریشن تسلسل کیساتھ جاری ہے۔ ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ ڈاکٹر انعم فاطمہ کی زیر نگرانی انسداد تجاوزات آپریشن ڈپلومیٹک انکلیو اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، ڈپلومیٹک انکلیو اور اس سے ملحقہ ایریاز میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ابتک 42 کنال سرکاری اراضی پر امن انداز میں واگزار کروالی گئی۔ انسداد تجاوزات آپریشن تمام قانونی تقاضے اور غیر قانونی مکینوں کو قبل از وقت باقاعدہ نوٹسز کے اجراء کے بعد کیا گیا۔
یہ کارروائیاں سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے عمل میں لائی گئیں۔ انسداد تجاوزات آپریشن کی ان کارروائیوں میں سپارکو کی جدید سٹلائٹ امیجز کا استعمال بھی کیا گیا۔ اسلام آباد سے ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کی بروقت نشاندہی کیلئے سپارکو کی جدید سیٹلائٹ امیجز حاصل کی جارہی ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھاری مشینری کا استعمال بھی کیا گیا۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف یہ کارروائیاں تسلسل کے ساتھ مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے مکمل تدارک کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واگزار کروائی کرائی گئی اراضی کو دوبارہ قبضے سے محفوظ بنانے کیلئے طویل المدت اقدامات کئے جائیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور منظم منصوبہ بندی کیلئے غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائیاں انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے واضح ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے اور قبضہ مافیا کے خلاف زیرہ ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو دنیا کا بہترین، محفوظ، خوبصورت اور منظم شہر بنانا ہے۔
اس سلسلہ میں سی ڈی اے انتظامیہ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل ہے کہ وہ انسداد تجاوزات مہم میں متعلقہ محکموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے مزید کہا کہ کسی بھی غیر قانونی قبضے کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوراً اطلاع دیں۔
















