اسلام آباد (ٹی این ایس) اسلام آباد کے تمام سیکٹرز کی بحالی و اپگریڈیشن کا فیصلہ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا

 
0
11

اسلام آباد (ٹی این ایس): (پ ر: مورخہ 19 نومبر، 2025): اسلام آباد کے تمام سیکٹرز کی بحالی و اپگریڈیشن کا فیصلہ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ممبر انجینئرنگ، ڈی جی ورکس سمیت انجینئرنگ ونگ کے متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے تمام سیکٹرز میں بلا تفریق سڑکوں کی تعمیر و مرمت، ازسر نو کار پیٹنگ اور پیچ ورک کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکٹرز کی بحالی و اپگریڈیشن منصوبے کے تحت موجود فٹ پاتھوں کی مرمت اور نئے فٹ پاتھ بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ اس منصوبے کے تحت سیکٹرز میں خراب سٹریٹ لائٹس و پولز کی مرمت اور نئی سٹریٹ لائٹس و پولز کی تنصیب بھی کی جائے گی۔ اسی طرح شہریوں کی رہنمائی کیلئے سائنیج بورڈز کی تنصیب، لین مارکنگ اور ربر سپیڈ بریکرز کی تنصیب بھی اس منصوبے کے تحت کی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سیکٹرز میں سیوریج و ڈرینج سسٹم سمیت مین ہولز اور کرب سٹونز کی تعمیر و مرمت بھی منصوبے کا حصہ ہوگی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تمام سیکٹرز اور مراکز کی بحالی و اپ گریڈیشن جن میں سڑکوں، گلیوں، مارکیٹوں اور مراکز کا سروے مکمل کیا جاچکا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس ضمن میں انجینئرنگ ونگ نے تمام پرانے سیکٹرز کے سروے کے بعد ابتدائی تخمینہ بھی مکمل کر لیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سپر مارکیٹ، جناح سپر، آبپارہ کراچی کمپنی اور بلیو ایریا سمیت مختلف سیکٹرز میں یکساں طور پر بحالی و اپگریڈیشن کے کاموں کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کمرشل مراکز میں مرمتی کاموں کے دوران تاجر برادری اور بزنس کمیونٹی کو بھی مشاورت میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید ہدایت کی کہ پرانے سیکٹرز میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ترقیاتی کاموں کے اعلیٰ معیار اور کم لاگت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیکٹرز کی اپ گریڈیشن سمیت بیوٹیفکیشن کیلئے آرکیٹیکٹس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سیکٹرز کی بحالی و اپ گریڈیشن کیلئے جدید ترین مشینری کا حصول اور اپنے وسائل کو بھی بروئے کار لایا جائے۔

 

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد شہر کو خوبصورت بنانے کے ساتھ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔