حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں چھوڑےگئےمچھر ڈینگی نہیں،گھبرانے کی ضرورت نہیں۔میڈیکل ڈائریکٹر

 
0
1155

پشاور(این این آئی): حیات آباد میڈیکل کمپلکس کے میڈیکل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے  یہ تصدیق کرتے ہوئے کہ  ایک نوجوان تھیلے میں مچھر لے کر ہسپتال میں داخل ہوا تھا تاہم انہوں نے واضع کیا ہے کہ  مذکورہ مچھرڈینگی پھیلانے والے مچھر  نہیں  ہیں اور اس سلسلہ میں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

 کمپلیکس میں پْرسرار بیماری پھیلانے کے لیے مچھر چھوڑے جانے کے انکشاف پر خوف ہراس پھیل گیاتھا۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی رپورٹ کے مطابق ایک خاندان کے کچھ افراد حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل ہوئے اور ان کے ہاتھوں میں تھیلے تھے، جن میں مچھر موجود تھے۔

بعد ازاں یہ رپورٹ سوشل میڈیا سے خبروں کی زینت بن گئی، اس حوالے سے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے میڈیکل ڈائریکٹر سے رابطہ کیا گیا۔واقعے کی تصدیق کرتے ہوئےانہوں نے بتایا کہ نوجوان کی بہن ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہوئی تھی تاہم بعد ازاں وہ صحت یاب ہوگئی۔میڈیکل ڈائریکٹر نے بتایا کہ ہسپتال کے اسٹاف نے نوجوان کو پْر اسرار تھیلے کے ہمراہ پکڑ کر گارڈ کے حوالے کیا، جہاں 25 سالہ نوجوان سیف اللہ نے بتایا کہ وہ یہاں ان مچھروں کے بارے میں معلوم کرنے آیا تھا کہ آیا یہ ڈینگی پھیلانے والے مچھر ہیں یا نہیں۔کیونکہ اسے گاؤں میں کسی نے کہا تھا کہ اگر یہ ڈینگی پھیلانے والے مچھر ہوئے تو اسے اس کی قیمت ادا کی جائے گی۔واضح رہے کہ یہ واقعہ 18 ستمبر کا ہے اور نوجوان کا تعلق پیش پہاڑا سے بتایا گیا۔