کراچی (ٹی این ایس) کراچی محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ, حکومتِ سندھ کی جانب سے اہم نوٹیفکیشن جاری۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد شیر کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر تین برس کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے. ڈاکٹر خالد شیر، جو نیورولوجی کے سینئر پروفیسر ہیں، انہیں جے ایس ایم یو سے ڈیپوٹیشن پر ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد اسپتال کے عملے اور میڈیکل کمیونٹی میں اعتماد اور توقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر خالد شیر ایک تجربہ کار فزیشن ہیں۔ ان کی انتظامی صلاحیتیں اور تدریسی پس منظر انہیں اس اہم ذمہ داری کے لیے موزوں بناتے ہیں۔ میڈیکل بورڈز کے سینئر نمائندگان نے کہا کہ ڈاکٹر خالد شیر کی تقرری اسپتال کے انتظامی ڈھانچے کو مستحکم کرے گی۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کی قیادت میں جے پی ایم سی میں سروس ڈیلیوری، ایمرجنسی سسٹم، اور اسپتال مینجمنٹ میں بہتری کی توقع ہے۔ اسپتال کے اسٹاف نے ان کی تعیناتی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر خالد شیر کو نئی ذمہ داری پر مبارکباد پیش کی گئی ہے.














