منیاپولس (ٹی این ایس) امریکی ریاست منی سوٹا میں امیگریشن ایجنٹ کی فائرنگ سے ایک اور شہری ہلاک

 
0
4

منیاپولس (ٹی این ایس) : (آئی پی ایس) امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر منیاپولس میں امیگریشن ایجنٹ کی فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر منیاپولس میں فیڈرل ایجنٹ کی گولی سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 37 سالہ الیکس جیفری پریٹی کے نام سے ہوئی ہے جو کہ امریکی شہری اور آئی سی یو نرس تھا، مقتول الیکس جیفری پریٹی انتہائی زخمی امریکی فوجیوں کی دیکھ بھال کیا کرتا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی حکام ایکواڈور کے شہری کو گرفتار کرنے علاقے میں پہنچے تھے، امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ مقتول الیکس کے پاس بندوق اور 2 میگزین تھے، غیر مسلح کرنے کے دوران الیکس نے مزاحمت کی جس دوران ایک اہلکار نے اسے گولی مار دی۔

واقعے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی، اس سے قبل بھی 7 جنوری کو بھی منیا پولس میں امیگریشن ایجنٹ کی فائرنگ سے ایک خاتون شہری ہلاک ہو گئی تھی۔

منی سوٹا کے گورنر ٹم والز نے ٹرمپ انتظامیہ سے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی ایجنٹ کی فائرنگ کے ایک اور ہولناک واقعے پر وائٹ ہاؤس سے بات کی ہے، صدر ٹرمپ فوراً امیگریشن آپریشن ختم کریں اور ہزاروں پُرتشدد، غیر تربیت یافتہ امیگریشن افسران کو منی سوٹا سے واپس بلائیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منی سوٹا کے میئر اور گورنر پر بغاوت کو ہوا دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ منیاپولس میں شہری کی ہلاکت پر مقامی قیادت کا رد عمل خطرناک ہے، منی سوٹا کے میئر اور گورنر کی بیان بازی بغاوت کو ہوا دے رہی ہے۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے بھی منی سوٹا میں بغاوت ایکٹ نافذ کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں۔